شعیب اور ثانیہ کیلیے ساتھ گھر پر وقت گزارنا خواب بن گیا

چند دن انگلینڈ میں اکھٹے رہے، ہماری ملاقاتیں اب سفر میں ہی ہوتی ہیں، بھارتی اسٹار


Sports Desk July 14, 2013
چند دن انگلینڈ میں اکھٹے رہے، ہماری ملاقاتیں اب سفر میں ہی ہوتی ہیں، بھارتی اسٹار فوٹو: فائل

سابق کپتان شعیب ملک اور بھارتی ٹینس اسٹار اہلیہ ثانیہ مرزا کیلیے ایک ساتھ گھر پر وقت گزارنا خواب بن گیا۔

مصروف ترین شیڈول کے باعث دونوں کو دوسرے ممالک میں چند روز ایک ساتھ مل بیٹھنا نصیب ہوتا ہے، ثانیہ کہتی ہیں کہ چند دن انگلینڈ میں ساتھ گزارے ، ہماری ملاقاتیں تو اب سفر میں ہی ہوتی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق شعیب ملک اور ثانیہ مرزا دونوں الگ ممالک اور الگ کھیلوں سے تعلق رکھنے کی وجہ سے اپنی دنیا میں کافی مصروف رہتے ہیں، دونوں کی شادی کو کافی عرصہ ہوچکا مگر اب تک انھیں باقاعدہ طور پر گھر بسانا نصیب نہیں ہوا، مشترکہ رہائش کیلیے دونوں کا دبئی میں گھر موجود مگر ان کے پاس اتنا وقت ہی نہیں کہ وہ ایک ساتھ اس میں کچھ دن گزارسکیں۔ حال ہی میں دونوں کی انگلینڈ میں ملاقات ہوئی جہاں پر شعیب چیمپئنز ٹرافی اور ثانیہ ومبلڈن ٹینس کے سلسلے میں آئی ہوئی تھیں۔



ثانیہ مرزا نے اس حوالے سے کہا کہ مصروف ترین شیڈول کی وجہ سے نجی زندگی کیلیے وقت نکالنا کافی مشکل ہوتا ہے، دونوں کے مل بیٹھنے کا انحصار ہماری شیڈولنگ پر ہے، حال ہی میں انگلینڈ میں ہماری ملاقات ہوئی جہاں وہ چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کیلیے موجود تھے، میں جلد ہی انھیں دوبارہ دیکھنے والی ہوں مگر یہ ملاقاتیں سفر کے دوران ہوتی ہیں گھر پر تو ہم مل ہی نہیں پاتے۔

اپنے کیریئر کے بارے میں 26 سالہ ثانیہ نے کہا کہ بڑھتی ہوئی عمر کی وجہ سے انجریز سے جلد چھٹکارہ مشکل ہونے لگا، اب مجھے خود کو فٹ رکھنے کیلیے پہلے کی بانسبت بہت زیادہ محنت کرنا پڑتی ہے، میں اب تک دو گرینڈ سلم جیت چکی، میری خواہش ہے کہ کھیل کو ہمیشہ کیلیے الوداع کہنے سے قبل چند مزید میگا ٹائٹل اپنے نام کرلوں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔