آسٹریلیا میں نائٹ ٹیسٹ کے انعقاد کی کوششیں تیز

نشریاتی ادارے نے 3 برس میں فلڈ لائٹس میچزکے آغازکی منصوبہ بندی شروع کردی

نشریاتی ادارے نے 3 برس میں فلڈ لائٹس میچزکے آغازکی منصوبہ بندی شروع کردی. فوٹو: فائل

آسٹریلیا میں نائٹ ٹیسٹ کے انعقاد کی کوششوں میں تیزی آگئی، نشریاتی ادارے نے3 برس کے اندر فلڈ لائٹس میں میچزکے آغاز کی منصوبہ بندی شروع کردی۔

کرکٹ آسٹریلیا سے آزمائشی بنیادوں پر ایک مقابلہ رات میں کھیلنے کی درخواست بھی کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کافی عرصے سے نائٹ ٹیسٹ کرکٹ کے انعقاد کا خواب دیکھ رہی ہے، اس مقصد کیلیے موزوں گیند کی تلاش جاری اور مختلف ممالک کے فرسٹ کلاس میچز میں آزمائش بھی ہوچکی ہے مگر ابھی تک کوئی بڑی پیشرفت سامنے نہیں آئی، اب اس خواب کو حقیقت میں بدلنے کا بیڑا آسٹریلیا کے نشریاتی ادارے چینل نائن نے اٹھالیا۔

اس نے 3 برس میں فلڈ لائٹس میں سفید لباس کے ساتھ روایتی پانچ روزہ کرکٹ کی منصوبہ بندی شروع کردی،اس سلسلے میں کرکٹ آسٹریلیا سے آزمائشی بنیادوں پر ایک ٹیسٹ کے انعقاد کی درخواست بھی کی گئی ہے۔




کرکٹ آسٹریلیا کے آفیشل براڈ کاسٹرکے ایگزیکٹیو پروڈیوسر بریڈ میک نیمارا کا کہنا ہے کہ ہم نے اس سلسلے میں بورڈ سے بات چیت شروع کردی، ون ڈے اور ٹوئنٹی 20 کے برعکس ٹیسٹ کرکٹ کے ساتھ ایک بڑا مسئلہ میچز کے دن میں ہونا ہے، اس وقت لوگوں کی اکثریت اپنے دفاتر، یا پھر اسکول کالجز میں ہوتی ہے، اس لیے ناظرین کی تعداد بہت کم رہتی ہے، اگر نائٹ ٹیسٹ کا خواب حقیقت بنے تو اس سے نہ صرف ہم براڈ کاسٹرز بلکہ خود کرکٹ کو بھی فائدہ ہوگا۔

ایک بار نائٹ ٹیسٹ شروع ہونے کی دیر ہے پھر یہ دنیا بھر میں کھیلا جانے لگے گا، آسٹریلیا اور انگلینڈ میں ٹیسٹ کلچر کافی مضبوط اور یہاں پر اسے حقیقت کا روپ دیا جاسکتا ہے، انھوں نے مزید کہا کہ اس قسم کے مقابلوں میں پنک بال ہی زیادہ مناسب رہے گی۔
Load Next Story