منی بجٹ کے ذریعے عوام پر ٹیکسوں کا مزید بوجھ نہیں ڈالنے دیں گے خورشید شاہ

ایک طرف ملک کو قرضوں کے بوجھ تلے دبایا جا رہا ہے اور دوسری طرف عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ لادا جا رہا ہے، خورشید شاہ


ویب ڈیسک January 09, 2019
نت نئے ٹیکسوں کا کوئی جواز نہیں، خورشید شاہ، فوٹو: فائل

پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ہم متوقع نئے منی بجٹ کے ذریعے عوام پر ٹیکسوں کا مزید بوجھ نہیں ڈالنے دیں گے۔

پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما سید خورشید شاہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایک اور منی بجٹ اس بات کا ثبوت ہوگا کہ حکومت کی اقتصادی پالیسی ناکام ہو چکی ہے، ایک طرف ملک کو قرضوں کے بوجھ تلے دبایا جا رہا ہے اور دوسری طرف عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ لادا جا رہا ہے، یہ سب کچھ آئی ایم ایف کے کہنے پر پارلیمنٹ سے بالا بالا ہورہا ہے۔آئے دن کے نت نئے ٹیکسوں کا کوئی جواز نہیں ہم متوقع نئے منی بجٹ کے ذریعے عوام پر ٹیکسوں کا مزید بوجھ نہیں ڈالنے دیں گے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ مہنگائی ،بے روزگاری اور افراط زر میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، عوام کیلئے حکومت کا یہ طرز عمل انتہائی ظالمانہ ہے، اب عوام ہی فیصلہ کریں کہ کیا انصاف کی تحریک ایسی ہوتی ہے جس میں نہ معاشی انصاف ہے نہ قانونی انصاف ہے اور نہ معاشرتی انصاف ہے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا اورآئے دن غریبوں کی جیبوں پر ڈاکے ڈال رہی ہے ہم عوام کا معاشی قتل نہیں ہونے دیں گے اور پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس میں حکومت کی ظالمانہ معاشی پالیسیوں کا معاملہ پورے زور و شور سے اٹھائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں