خواتین ڈاکٹرز اور نرسوں کو  بلیک میل کرنے والے جعلی افسر کو 24 سال قید

ملزم کو مجموعی طور پر 24 سال قید اور 7 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔


ویب ڈیسک January 09, 2019
ملزم کے خلاف تھانہ گوالمنڈی میں2015 میں مقدمہ درج کروایا گیا تھا۔ فوٹو:ایکسپریس نیوز

انسداد دہشت گردی عدالت نے لیڈی ڈاکٹرز اور نرسوں کو سوشل میڈیا پر بلیک میل کر کے بھتہ وصول کرنے والے ملزم کو قید و جرمانے کی سزا سنا دی۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق لاہور میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے لیڈی ڈاکٹرز اور نرسوں کو سوشل میڈیا پر بلیک میل کر کے بھتہ وصول کرنے والے ملزم کو قید و جرمانے کی سزا سنا دی، عدالت نے ملزم کو مجموعی طور پر 24 سال قید اور 7 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔

ملزم عبدالوہاب عرف فیصل نیازی عرف کیپٹن نبیل کے خلاف مقدمے میں مجموعی طور پر 31 گواہوں نے اپنے بیانات قلمبند کروائے، اور جرم ثابت ہونے پر انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر 1 کے جج شیخ سجاد احمد نے ملزم کو سزا سنائی۔ عدالت کی جانب سے سنائے گئے فیصلے میں ملزم کو انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت 14 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی، جرمانے کی عدم ادائیگی پر ملزم کو مزید 6 ماہ قید کی سزا بھگتنا ہو گی۔



ملزم کو تعزیرات پاکستان کی دفعہ 419 کے تحت ملزم کو 7 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی جب کہ جرمانے کی عدم ادائیگی پر ملزم کو مزید 3 ماہ قید کاٹنا ہوگی۔ ملزم کو ٹیلیگرافک ایکٹ کی خلاف ورزی پر بھی 3 سال قید اور ایک سال جرمانہ کی سزا سنائی گئی، جرمانے کی عدم ادائیگی پر ملزم کو مزید 3 ماہ جیل میں گزارنا ہوں گے۔ تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ملزم کو دی گئی تمام سزاوں پر بیک وقت عملدرآمد ہو گا۔

ملزم کے خلاف ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر سلمان کاظمی نے تھانہ گوالمنڈی میں 2015 میں مقدمہ درج کروایا تھا، جس میں ملزم کیخلاف لیڈی ڈاکٹرز کے واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک کرنے، نازیبا ویڈیو بنا کر بلیک میل کرنے اور بھتہ مانگنے، خود کو ملٹری انٹیلی جنس کا افسر ظاہر کرنے کے الزامات تھے۔

ملزم عبدالوہاب کو سی آئی اے پولیس نے ناران سے گرفتار کیا تھا، اور گرفتاری کے وقت پولیس نے ملزم کے قبضے سے لیپ ٹاپ اور تصاویر بھی برآمد کیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |