بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں سٹے باز پھر سرگرم ہوگئے

ابتدائی 3 دنوں میں 6 بھارتیوں سمیت 20 جواریوں کو اسٹیڈیم سے باہر نکال دیا گیا

عارضی عدالت نے موقع پر ہی جرمانے اور پابندی کی سزائیں بھی سنادیں، حکام فکرمند

بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں ایک بار پھر سٹہ باز سرگرم ہوگئے پہلے 3 دن کے دوران6 بھارتیوں سمیت 20 جواریوں کواسٹیڈیم سے باہرنکالا گیا عارضی عدالت نے موقع پر ہی جرمانے اور پابندی کی سزائیں سنائیں۔


تفصیلات کے مطابق سٹہ بازوں نے ایک بار پھر بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کو نشانہ بنانے کی کوششیں شروع کردیں، اس مقصدکیلیے 'پچ سائیڈنگ' شروع کردی گئی ہے جس کے تحت سٹہ مافیا کے ایجنٹ موبائل فونزپر ہی میچ کی تازہ ترین صورتحال سے بکیز کو آگاہ کرتے اور وہ نشریاتی وقت میں 20 کے قریب سیکنڈزکے فرق سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں۔ رواں ایڈیشن کے ابتدائی 3 دن کے دوران شیربنگلہ اسٹیڈیم سے 20 جواریوں کوباہرکیا جاچکا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے پہلے ہی اس مقصدکیلیے اسٹیڈیم میں ہی خصوصی عارضی عدالت قائم کی گئی تھی۔

جس نے موقع پر مشکوک افرادکو وینیو سے باہر کرنے کے ساتھ ان پر جرمانے بھی عائد کیے۔ ایونٹ کا آغاز اتوار سے ہوا تھا، تین دن کے دوران مشکوک سرگرمیوں پر پکڑے جانے والے ان جواریوں پر فی کس 4 ہزارٹکا جرمانہ کیا گیا، ان افراد میں سے 6 کا تعلق بھارت سے تھا۔ خصوصی مجسٹریٹ امرالحسن کہتے ہیں کہ ان افراد کو موبائل فونز کے ذریعے براہ راست جوا کھیلتے ہوئے پکڑا گیا، اب انھیں اس سیزن کے دوران کسی بھی میچ کیلیے اسٹیڈیم میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔ یاد رہے کہ گذشتہ سیزن کے دوران بھی بی پی ایل میچز کے دوران 80 جواریوں کو اسٹیڈیم سے باہر کیا گیا تھا، جن میں سے کم سے کم ایک درجن افراد کا تعلق دوسرے ممالک اور خاص طور پربھارت سے تھا۔ اس سے قبل فکسنگ کی وجہ سے ہی اس ایونٹ کو کئی برس تک منعقد ہی نہیں کیا گیا تھا۔
Load Next Story