پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کے شیڈول کا اعلان فائنل نہیں ہوسکا

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز 29 مارچ سے 13 اپریل تک ہوسکتی ہے


Muhammad Yousuf Anjum January 10, 2019
کرکٹ آسٹریلیا نے پاکستان میں 2 میچز کھیلنے پر مثبت اشارے دے رکھے ہیں فوٹو: فائل

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کے شیڈول کا اعلان ابھی تک فائنل نہیں ہوسکا لیکن دوسری طرف بھارتی بورڈ نے آسٹریلیا کی میزبانی کے پروگرام کا اعلان کردیا ہے۔

پی سی بی نے 2 میچز کی پاکستان میں میزبانی کی خواہش کے ساتھ کرکٹ آسٹریلیا کی درخواست پر مجوزہ ترمیمی شیڈول کرکٹ آسٹریلیا کو بھجوا رکھا ہے جس کے تحت اب سیریز 29 مارچ سے 13 اپریل تک ہوسکتی ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا ورلڈکپ سے پہلے ان آخری پانچ میچز میں بال ٹیمپرنگ میں پابندی کے شکار سابق کپتان اسٹیون اسمتھ اور اوپنر ڈیوڈ وارنر کو کھیلنا چاہتی ہے جن پر عائد پابندی 29 مارچ کو ختم ہورہی ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا نے پاکستان میں 2 میچز کھیلنے پر مثبت اشارے دے رکھے ہیں تاہم حتمی فیصلہ پی ایس ایل کے لاہور اور کراچی میں ان کے سکیورٹی ٹیم کے دورے سے مشروط کیا گیا ہے۔

دوسری جانب بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان 24 فروری سے 13 مارچ تک 2 ٹی 20 اور 5 ایک روزہ میچز کھیلےجائیں گے۔ سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی کی میزبانی 24 فروری کو بنگلور کرے گا۔ 27 فروری کو وشاکاپٹنم میں دوسرا ٹی ٹوئنٹی طے کیا گیا ہے۔ ون ڈے میچز کا آغاز 2 مارچ کو حیدر آباد دکن سے ہوگا، 5 مارچ کو ناگ پور میں دوسرا میچ شیڈول ہے۔ تیسرے میچ کے لیے 8 مارچ کو رانچی کا انتخاب کیا گیا ہے۔ چوتھا ون ڈے 10 مارچ کو موہالی میں رکھاگیا ہے۔ سیریز کا آخری میچ 13 مارچ کو نئی دہلی میں کھیلا جائے گا۔ ویرات کوہلی کی قیادت میں بھارتی ٹیم چار ٹیسٹ میچز کی سیریز آسٹریلوی سیرزمین پر جیت کر پہلے ہی تاریخ رقم کرچکی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں