عیدالفطر پر صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا گیا رئیسی

عیدالفطرکی تعطیلات کے دوران ہنگامی بنیادوں پر صفائی ستھرائی کے...


Staff Reporter August 23, 2012
ایڈمنسٹریٹر غربی اور ایڈمنسٹریٹر شرقی کا مختلف علاقوں کادورہ، صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ فوٹو: پی پی آئی

ایڈمنسٹریٹر ضلع شرقی نعیم آفندی نے میونسپل کمشنر شفیق الرحمان کے ہمراہ عیدالفطر کے دوسرے دن مختلف علاقوں کا دورہ کرکے صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا، اس موقع پر انھوں نے پارکوں کا بھی دورہ کیا اور ہدایت کی کہ پارکوں کی صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے، واضح رہے کہ عید کے تینوں دن سینیٹری عملہ ڈیوٹی پر موجود رہا اور صفائی ستھرائی کی ذمے داری بروقت انجام دیتا رہا۔

ایڈمنسٹریٹر جنوبی محمد رئیسی نے کہا ہے کہ عیدالفطر کے موقع پر محکمہ سولڈ ویسٹ کے عملے کی چھٹیوں کو منسوخ کرکے صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا گیا، ان خیالات کا اظہار انھوں نے بلدیہ جنوبی کے عوام سے عید ملنے اور بچوں کو عیدی دینے کے موقع پر کیا، شاہ فیصل کالونی کے تمام علاقوں میں عیدالفطر پر مثالی انتظامات کیے گئے، عیدالفطر کی تعطیلات کے باوجود تینوں دن صفائی ستھرائی کیلیے سینیٹری ورکرز نے ڈیوٹیاں انجام دیں، شاہ فیصل زون بلدیہ شرقی کے فوکل پرسن اسلم پرویز نے عیدالفطر کے موقع پر صفائی ستھرائی کے کاموں کا معائنہ کیا۔

رکن قومی اسمبلی آصف حسنین نے کہا ہے کہ عید کی خوشیوں میں یتیم بچوں، معذوروں اور اسپتالوں میں موجود بیماروں کو شریک کرکے دلی سکون میسر آتا ہے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے چائلڈ ہوم کورنگی سینٹر اور کورنگی اسپتال میں سوشل اسٹوڈنٹ فورم کے تحت بچوں اور مریضوں سے عید ملنے اور بچوں میں پھل، آئس کریم اور دیگر اشیا تقسیم کرنے کے موقع پر کیا۔

ایڈمنسٹریٹر بلدیہ غربی قمر شیخ نے کہا ہے کہ عیدالفطرکی تعطیلات کے دوران ہنگامی بنیادوں پر صفائی ستھرائی کے انتظامات کیے گئے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے میونسپل کمشنر عمران اسلم کے ہمراہ بلدیہ غربی کی حدود میں صفائی ستھرائی کے کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں