کراچی عدالت سے دو دہشتگرد فرار 6 سی آئی ڈی اہلکار ریمانڈ پرپولیس کے حوالے

دہشتگردوں کی سیکیورٹی پر معمور سی آئی ڈی اہلکاروں کی غفلت کے باعث ملزمان فرار ہوئے، زیر حراست اہلکاروں کا اعتراف


ویب ڈیسک July 14, 2013
حراست میں لئے گئے تمام اہلکار عدالت میں لائے گئے دو دہشتگردوں کی سیکیورٹی پر تعینات تھے۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

مقامی عدالت نے گزشتہ روز دو دہشتگردوں کے فرار پر سی آئی ڈی کے 6 اہلکاروں کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

پولیس نے گزشتہ روز عدالت سے فرار ہونے والے دو دہشتگردوں کے فرار کے وقت ڈیوٹی پر معمور دو انسپکٹرز اسلام گل اور حمید اللہ کے علاوہ 4 کانسٹیبلز کو جوڈیشل میجسٹریٹ کے روبرو پیش کیا۔ جہاں پولیس نے موقف اختیار کیا کہ ملزمان کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث دو دہشتگرد فرار ہوگئے۔ پولیس نے استدعا کی ملزمان سے تفتیش کے لئے انہیں جسمانی ریمانڈ پر دیا جائے۔

جوڈیشل میجسٹریٹ کے روبرو انسپکٹر اسلام گل اور حمید اللہ نیازی نے اعتراف کیا کہ دہشتگردوں کی سیکیورٹی پر معمور سی آئی ڈی اہلکاروں کی غفلت کے باعث دونوں ملزمان فرار ہوئے، انہوں نے موقف اختیار کیا کہ وہ دونوں ملزمان کی شناختی پریڈ کی تحریری نقول حاصل کرنے عدالت میں موجود تھے جبکہ دیگر چاراہلکاروں کو ان کی سیکیورٹی پر معمور کیا گیا تھا جنہوں نے غفلت کا مظاہرہ کیا۔ عدالت نے موقف سننے کے بعد حراست میں لئے گئے اہلکاروں کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سی آئی ڈی پولیس نے پیر آباد بم دھماکے میں ملوث دو ملزمان نضراب اور محمد اسحاق کو شناخت کے لئے عدالت میں پیش کیا تھا تاہم پیشی کے بعد دونوں ملزمان پولیس کی بکتر بند گاڑی سے فرار ہوگئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں