پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے نیب ختم نہیں کرنے دیا اب بھگتیں مولانا فضل الرحمان

امریکا کے کہنے پر آصف علی زرداری اور نواز شریف کو بدنام کیا جا رہا ہے، فضل الرحمان


ویب ڈیسک January 10, 2019
آئین مقدس صحیفہ تو ہے اس پرعمل نہیں ہو رہا، فضل الرحمان، فوٹو: فائل

ISLAMABAD: جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ نے نیب ختم نہیں کرنے دیا اب بھگتیں۔

پشاور میں منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پرویز مشرف طرز پر نیب سیاسی انتقام لے رہا ہے، پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ نے نیب ختم نہیں کرنے دیا اب بھگتیں جب کہ تحریک انصاف نے احتساب کمیشن ختم کیا ہے تو نیب کیوں نہیں ختم کرسکتے۔

جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے حکومت کی معاشی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ قرصہ نہ لینے کی باتیں کرنے والوں نے روزانہ 15 ارب کے قرضے لئے، اب ہر شخص ڈیڑھ لاکھ روپے کا مقروض ہے، زرمبادلہ ذخائر نصف اور اسٹاک ایکسچینج کریش کر گئی، لاکھوں گھر گرا دیئے اور لاکھوں لوگ بے روزگار ہو گئے لیکن اب بھی آئی ایم ایف کی شرائط جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: باتیں کرنے والے بتائیں کہاں ہے این آر او، نواز شریف

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ دوسروں کو انڈیا سے دوستی کے طعنے دیتے تھے اب خود کرتارپور کھول دیا اور فائدہ بھی نہ ہوا، کرتارپورقادیانیوں کے لیے کھولاگیاہے جب کہ آسیہ بی بی کی بریت عالمی اداروں نے مالی مدد سے مشروط کی اور فیصلے کے بعد قادیانیوں کا لندن میں اجتماع ہوا جس میں عمران خان سے وعدے ایفاء کرنے کا کہا گیا۔

سربراہ جے یو آئی کا مزید کہنا تھا کہ آئین مقدس صحیفہ تو ہے لیکن اس پرعمل نہیں ہو رہا، پاکستان تب ہی مضبوط ہو گا جب آئین پر عمل ہو گا، دھاندلی کے ذریعے بیرونی ایجنٹ مسلط کیے گئے جنہوں نے ان کومسلط کیا وہ ان سے شکوہ توکریں گے، کب تک دھاندلی ہوتی رہے گی اور اسٹیبلشمنٹ کردار ادا کرتی رہے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں