افغانستان میں طالبان کے حملوں میں 21 پولیس اہلکار ہلاک

صوبہ بلخ میں جھڑپوں میں اہم طالبان کمانڈر سمیت 25 جنگجو بھی مارے گئے،ہولیس

صوبہ بلخ میں جھڑپوں میں اہم طالبان کمانڈر سمیت 25 جنگجو بھی مارے گئے،ہولیس، فوٹو: فائل

افغانستان کے مختلف علاقوں میں طالبان کے حملوں میں درجنوں سیکورٹی اہلکار ہلاک اور فورسز کی کارروائیوں میں اہم طالبان کمانڈر سمیت متعدد عسکریت پسند مارے گئے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان مفاہمتی عمل کے لیے امن مذاکرات کے ساتھ ساتھ فریقین میں خونریز جھڑپیں ہوئی ہیں،شمالی اور مغربی حصوں میں پرُتشدد واقعات اور حملوں میں درجنوں افغان سیکورٹی اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔

افغان حکام نے طالبان کے حملوں میں 21 اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان واقعات میں متعدد اہلکار زخمی بھی ہوئے، مغربی صوبے بدغیث کے گورنر کے ترجمان جمشید شاہابی کے مطابق طالبان کے حملے میں 6 پولیس اہلکار مارے گئے جب کہ شمالی صوبے بغلان کے کونسل رکن شمس الحق نے 7 پولیس اہلکاروں کی عسکریت پسندوں کے حملے میں ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔


صوبہ تخار کے رکن کونسل روح اللہ روفی کا کہنا ہے کہ طالبان نے 8 پولیس اہلکاروں کو گولی مار کرموت کے گھاٹ اتار دیا، قندوز صوبے میں مختلف سیکورٹی چیک پوائنٹس پر حملوں میں متعدد پولیس اور فوجی مارے گئے۔

طالبان نے مذکورہ حملوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے مزید حملوں اور سیکورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب بلخ صوبے میں پولیس سے جھڑپوں میں اہم طالبان کمانڈر سمیت 25 جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے، صوبائی پولیس کا کہنا ہے کہ چہار بولاک میں پولیس کی کارروائی کے دوران جھڑپ میں گروہ کے سرغنہ مولوی بدر ساتھیوں سمیت مارا گیا۔
Load Next Story