پاکستان میں کاکا اور فیگو پر محبت کے پھول نچھاور

پاکستان فٹبال کو اس وقت مختلف چیلنجز کا سامنا درپیش ہے، فیگو

کرکٹرزکے انداز میں اسٹیج پرانٹری،قومی فٹبال کپتان نے شرٹس پیش کیں

پاکستانیوں نے فٹبال اسٹارز کاکا اور فیگو پر محبت کے پھول نچھاور کر دیے، دونوں کراچی آمد پر کرکٹ کے رنگ میں رنگ گئے اور کرکٹرز کے انداز میں اسٹیج پر انٹری دی، برازیلین فٹبالر نے کہا کہ پاکستان میں فٹبال اکیڈمی قائم کرکے خوشی ہوگی، فیگو نے کہا کہ حکومتی سرپرستی کے بغیر پروفیشنل کھلاڑی سامنے نہیں آسکتے۔

ایکسپریس کے مطابق دنیائے فٹبال کے 2 بڑے نام کاکا اور لیوئس فیگو ورلڈ ساکر اسٹارز کی تشہیر کے لیے گزشتہ روز کراچی پہنچے، تقریب میں سابق پرتگالی اسٹار لوئس فیگو کرکٹ بیٹ تھامے بیٹسمین کے انداز میں اسٹیج پر جلوہ گر ہوئے، برازیل کے سابق نامور اسٹرائیکر ریکارڈو کاکا نے گیند تھامے فاسٹ بولر کی طرح انٹری دی۔


اس موقع پر کاکا نے کہا کہ میرے لیے پاکستان آنا اعزاز کی بات ہے، یہاں کے لوگ کھیلوں سے محبت کرتے ہیں، ملک میں فٹبال کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، مستقبل میں پاکستان میں اکیڈمی قائم کرکے بہت خوشی ہوگی،انھوں نے کہا کہ ورلڈ ساکر اسٹارز کے تحت 26 سے 29 اپریل تک کراچی اور لاہور میں شیڈول میچز دلچسپ رہیں گے۔

کوشش کروں گہ کہ پاکستانی کھانوں سے لطف اندوز ہو سکوں، میں پاکستانی ثقافت سے بھی روشناس ہونا چاہتا ہوں۔ پرتگال سے تعلق رکھنے والے لوئس فیگو نے کہا کہ پاکستان فٹبال کو اس وقت مختلف چیلنجز کا سامنا درپیش ہے، حکومتی سرپرستی کے بغیر پروفیشنل کھلاڑی سامنے نہیں آسکتے، پاکستان کو ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے سخت محنت کرنا ہوگی جبکہ عالمی رینکنگ بنانے کیلیے گراس روٹ پرمضبوط بنیاد ضروری ہے۔

تقریب میں پاکستان فٹبال ٹیم کے کپتان صدام حسین کو بھی اسٹیج پر بلا کر زبردست پزیرائی کی گئی، انھوں نے اسٹار فٹبالرز کوپاکستان کی شرٹس بھی پیش کیں، کاکا اور فیگو بعدازاں لاہور روانہ ہو گئے، وہاں بھی ان کی بھرپور ستائش ہوئی۔
Load Next Story