نواز شریف کی صحت کے مسائل بڑھے تو ذمہ دار عمران نیازی ہوں گے شہباز شریف

3 بار پاکستان کے وزیر اعظم منتخب ہونے والے شخص کے ساتھ ناروا سلوک سیاسی انتقام کی بدترین مثال ہے، قائد حزب اختلاف


ویب ڈیسک January 11, 2019
پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے والے شخص کے ساتھ جیل میں ناروا سلوک کے باعث ان کی طبیعت بگڑی ہے (فوٹو : فائل)

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ محمد نواز شریف کی صحت کے مسائل بڑھے تو اس کے ذمہ دار عمران نیازی اور پنجاب حکومت ہوں گے۔

اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کی صحت کی خرابی کی اطلاع پوری قوم کے لیے فکرمندی کا باعث ہے، 3 بار پاکستان کے وزیراعظم اور ملک کی بے مثال خدمت کرنے والے ایک دیانت دار اور محب وطن شخص کے ساتھ یہ ناروا سلوک سیاسی انتقام کی بدترین مثال ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ سابق وزیراعظم کے ذاتی معالجین کو بلاتاخیر جیل میں رسائی دے کر قانونی تقاضے پورے کیے جائیں، خدانخواستہ قائد محمد نواز شریف کی صحت کے مسائل بڑھے تو اس کے ذمہ دار عمران نیازی اور پنجاب حکومت ہوگی۔

یہ پڑھیں : نواز شریف کے ذاتی معالج کو ان سے ملنے نہیں دیا جارہا، مریم نواز

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نواز شریف کے معالجین امراض قلب کو جیل میں ان تک رسائی نہ دینا ظلم کی انتہا ہے، پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے والے شخص کے ساتھ جیل میں جو سلوک ہو رہا ہے اس کی وجہ سے ان کی طبیعت بگڑی ہے، ان کے ساتھ یہ رویہ ناقابل قبول، شرم ناک اور قابل مذمت ہے، لہذا ان کے علاج کے لیے ہنگامی انتظامات کیے جائیں۔

قبل ازیں مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ حکمران کان کھول کر سن لیں کہ محمد نواز شریف کی صحت کو کوئی گزند پہنچا تو عوام حکومت کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے، پاکستان مسلم لیگ (ن) اور عوام کو مجبور نہ کیا جائے کہ وہ اپنے قائد کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں پر اپنی قیادت کے حکم اور صبر کا دامن چھوڑنے پر مجبور ہوجائیں، قائد مسلم لیگ (ن) کی صحت اور علاج معالجہ کے لیے متعلقہ حکام اپنی قانونی ذمہ داریاں پوری کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔