کراچی میں عید روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی

شہریوں نے بڑے پیمانے پر اپنے گھروں پر دعوتوں کا اہتمام کیا

ناظم آباد عیدگاہ گراؤنڈمیں نمازعید الفطر اداکی جارہی ہے، حفاظتی اقدامات کے تحت پولیس اہلکار الرٹ کھڑا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

عیدالفطر ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی، شہر بھر کی ہزاروں مساجد میں عیدالفطر کے خصوصی اجتماعات ہوئے جن میں ملک کی سلامتی و استحکام، ترقی و خوشحالی، دہشت گردی کے خاتمے اور امت مسلمہ کی سربلندی کیلیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

عید کی نماز کیلیے مساجد کے علاوہ عیدگاہوں، کھلے میدانوں، پارکوں اور لان میں بھی انتظامات کیے گئے تھے، نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات گلشن جناح (پولوگرائونڈ)، نشترپارک، نیشنل اسٹیڈیم، جامع مسجد آرام باغ، جناح مسجد برنس روڈ، نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ، جامع مسجد گلزار حبیب، دارالعلوم کراچی، جامع بنوری ٹائون، ٹی گرائونڈ فیڈرل بی ایریا و دیگر مقامات پر منعقد ہوئے، نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع گلشن جناح میں ہوا جہاں عمائدین شہر نے عیدالفطرکی نماز ادا کی۔


عیدالفطر کے موقع پر شہر میں خاصا جوش و خروش دیکھنے میں آیا، شہریوں نے بڑے پیمانے پر اپنے گھروں پر دعوتوں اور خصوصی پکوان کا اہتمام کیا تھا، عید کے موقع پر بڑوں نے بچوں کو عیدیاں تقسیم کیں، اس موقع پر شہر کے مختلف مقامات پر کھانے پینے کے آئٹمز کے خصوصی اسٹال لگائے گئے تھے، مٹھائی کی دکانوں اور بیکریوں پر انتہائی رش تھا،شہریوں نے عید کے تینوں دن ساحل سمندر سی ویو کلفٹن، چڑیا گھر، سفاری پارک و دیگر تفریح مقامات کا رخ کیا اور بھرپور انجوائے کیا۔

نماز عید کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد قبرستانوں میں بھی گئی اور اپنے رشتہ داروں اور عزیز و اقارب کی قبروں پر فاتحہ خوانی کی، اس موقع پر انتظامیہ نے شہر میں سخت حفاظتی انتظامات کیے تھے، شہر کے تمام حساس مقامات خصوصاً مساجد و امام بارگاہوں اور عیدگاہوں کے اطراف پولیس و رینجرز کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا تھا۔
Load Next Story