پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر عوام نے اسلام آباد پر چڑھائی کردی تو حکومتی تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی اور حکومت باز نہ آئی تو اسے سبق سکھائیں گے کہ ووٹ کی چوری کا بدلہ کیسے لیا جاتا ہے۔
کوٹری میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی کو دھاندلی سے حکومت ملی، وفاقی حکومت جانتی ہے کہ وہ ہمیں میرٹ اور کام میں شکست نہیں دے سکتی اسی لئے ہمارے خلاف سازشیں کررہی ہے، نااہل وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ کے عوام کے ساتھ سوتیلا سلوک کیا جارہا ہے اور پی پی پی کو ووٹ دینے کی سزا دی جارہی ہے۔
چیرمین پی پی پی نے کہا کہ سندھ کے عوام کو کس جرم کی سزا دی جارہی ہے، کیوں دیوار سے لگا رہے ہو، پانی، بجلی، گیس بند کرکے سندھ میں کربلا برپا کردیا ہے، اگر سندھ اور بلوچستان کے عوام نے اپنے احساس محرومی کی وجہ سے، جنوبی پنجاب کے عوام نے اپنا حق لینے کے لیے، پنجاب کے عوام نے حکومت کی نااہلی کی وجہ سے اور خیبر پختون خوا کے عوام نے انسانی حقوق کی پاسداری کے لئے اسلام آباد پر چڑھائی کا فیصلہ کرلیا تو تمہاری جعلی حکومت کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دیں گے، ہمارے صبر کو لبریز نہ کرو تم سے پہلے بھی فرعون آئے ان سے سبق سیکھو۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کٹھ پتلی حکومت سوچ رہی ہے کہ اٹھارویں ترمیم ختم کرکے ان کو فائدہ ہوگا لیکن اگر وہ آئین پر کوئی حملہ کریں گے تو اس سے وفاق کو نقصان پہنچے گا، انہوں نے الیکشن سے پہلے جتنے وعدے کیے سب جھوٹ نکلے، سبز باغ عوام کے لیے کانٹوں کا ہار بن گئے، حکومت جتنا آگے جارہی ہے ملک اتنا پیچھے جارہا ہے، ہم انتقامی سیاست کا مقابلہ کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اصولوں کی سیاست کا دھوکا دے کر عوام کو بیوقوف بنایا، آپ اور آپ کے لاڈلوں نے عہدے تو حاصل کئے لیکن پاسداری نہیں کرسکے، آپ کے وعدے اور اعلانات سب فراڈ نکلے، تمہارے ای سی ایل اور نیب سے نہیں ڈرتے، ہمارے صبر کا امتحان نہ لو، تم سے پہلے بھی بہت فرعون آئے، تم کیا چیز ہو تم کٹھ پتلی اور بے نامی وزیراعظم ہو، تم باز نہ آئے تو تمہیں سبق سکھائیں گے کہ ووٹ کی چوری کا بدلہ کیسے لیا جاتا ہے۔