رہائشی پلاٹوں پر کاروبار کرنے والوں پر جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ

کے ڈی اے کی کارروائی ،عزیز بھٹی پارک کے اطراف قائم غیر قانونی شادی ہال کو سیل کردیا گیا، سمیع صدیقی


Staff Reporter January 12, 2019
کے ڈی اے کی کارروائی ،عزیز بھٹی پارک کے اطراف قائم غیر قانونی شادی ہال کو سیل کردیا گیا، سمیع صدیقی ۔ فوٹو : فائل

ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سمیع الدین صدیقی نے کہا ہے کہ رہائشی پلاٹوں پر تجارتی سرگرمیاں خصوصاً کمرشل ادارے، ہوٹلز، اسکولز، ٹیوشن سینٹر اور بیوٹی پارلر چلانا الاٹمنٹ کی بنیادی شرائط کی خلاف ورزی ہے اس ضمن میں کے ڈی اے جلد لائحہ عمل تیار کرکے ایسے تمام پلاٹوں کے مالکان سے جرمانہ وصول کرے گا، اس طرح جمع ہونے والی رقم مختلف اسکیموں میں ضروری ترقیاتی کاموں پر خرچ کی جائے گی۔

یہ بات انہوں ںے ڈی جی کے ڈی اے گلشن اقبال بلاک 6 میں قائم کے ڈی اے اراضی کا دورہ کرتے ہوئے کہی۔ دورہ کے دوران عزیز بھٹی پارک کے اطراف قائم غیر قانونی شادی ہال کو سیل کردیا گیا۔ خیال رہے کہ کے ڈی اے نے مذکورہ پلاٹ ہوٹل کے لیے الاٹ کیا تھا جس پر غیر قانونی شادی ہال قائم کردیا گیا تھا۔

اس موقع پر ڈی جی کے ڈی اے نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکام پر من و عن عمل کرتے ہوئے غیر قانونی شادی ہالز سمیت تجاوزات کے خلاف انہدامی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ رفاہی پلاٹس پر تجارتی سرگرمیاں قطعی برداشت نہیں کی جائیں گی، اس سلسلے میں متعلقہ حکام شہر بھر میں کے ڈی اے اراضی کا دور ہ کرکے غیر قانونی سرگرمیوں کی نشاندہی کریں تاکہ ملوث افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے، یقینی بنایا جائے کہ رفاہی پلاٹوں کو کمرشلائز کے طور پر کسی صورت استعمال نہ کیا جائے۔

اس موقع پر ڈی جی کے ڈی اے کے ہمراہ چیف انجینئر رام چند، ڈائریکٹر لینڈ آصف علی میمن، ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورنسمنٹ دلدار حسین شاہ، ترجمان ادارہ ترقیات اکرم ستار و دیگر افسران بھی موجود تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں