ISLAMABAD:
پی سی بی نے سابق ٹیسٹ کرکٹر معین خان کو نیا چیف سلیکٹر مقررکر دیا جب کہ بقیہ تینوں سلیکٹرز کو برقراررکھا گیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق قائم مقام چیرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے 41 سالہ سابق وکٹ کیپراور کپتان معین خان کو چیف سلیکٹر مقرر کر دیا ہے، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ سلیکشن کمیٹی کے اراکین میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور سلیم جعفر ، اظہر خان اور فرخ زماں کو سیلکٹرز کی حیثیت سے برقرار رکھا گیا ہے، نئے چیف سلیکٹر معین خان کا پہلا کام انڈر ٹونٹی تھری ٹیم کا انتخاب ہے جبکہ سابق ٹیسٹ کرکٹر دورہ زمبابوے کے لئے ٹیم کی سلیکشن میں اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے معین خان نے کہا کہ چیف سیلکیٹر بننے کے بعد میرا سب سے پہلا ہدف 2015 کےلئے ٹیم کو تیار کرنا ہوگا اور ٹیم کےانتخاب کے لئے منصوبہ بندی کررکھی ہے جو سیلکیٹرز سے مشاورت کے بعد منظر عام پر لائی جائے گی،کچھ منصوبے ایسے ہیں جو وقت کے ساتھ ساتھ نظرآنا شروع ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کا انتخاب صرف ان کی صلاحیتوں کو مدنظررکھ کر کیا جائے گا ۔
واضح رہے کہ سابق چیف سلیکٹر اقبال قاسم نے چیمپئنز ٹرافی میں شکست کے بعد وطن واپسی پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا انہوں نے موقف اختیار کیا تھا کہ ملازمت کی مدت پوری ہونے کے باعث استعفیٰ دیا ہے۔