توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے بھارت سے بھی بجلی حاصل کی جاسکتی ہے وزیراعظم

دورہ چین کے دوران چینی کمپنیوں سے کئی انرجی معاہدوں پر دستخط کئے گئے، نواز شریف


ویب ڈیسک July 15, 2013
توانائی کے بحران کے باعث معیشت کی زبوں حالی سمیت کئی مسائل نے جنم لیا، وزیر اعظم نواز شریف فوٹو: فائل

وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ بجلی کے بحران پر قابو پانے کے لئے پہلے ملکی وسائل کو ترجیح دے رہے ہیں جبکہ بھارت سے بھی بجلی حاصل کرنے کا آپشن موجود ہے۔

میر پور آزاد کشمیر میں نیوبونگ اسکیپ ہائیڈرو پاور منصوبے کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے نواز شریف کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے 84 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی جو نیشنل گرڈ میں شامل کی جائے گی۔ انہوں نے پہلے نجی پن منصوبے کے افتتاح پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے لوڈشیڈنگ میں کمی ہوگی اور توانائی کی رسد اور طلب کا فرق کم ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ توانائی بحران کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس کے لئے گردشی قرضہ بھی ختم کردیا گیا ہے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملک میں توانائی کے بحران کے باعث معیشت کی زبوں حالی سمیت کئی مسائل نے جنم لیا تاہم منصوبے کی تکمیل سے عوام کی مشکلات میں کسی حد تک کمی واقع ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دورہ چین کے دوران چینی کمپنیوں سے کئی انرجی معاہدوں پر دستخط کئے گئے اور توانائی کے شعبے میں بھاری سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی گئی جس سے ملک میں توانائی کی صورتحال میں جلد بہتری آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی بحران پر قابو پانے کے لئے پہلے ملکی وسائل کو ترجیح دے رہے ہیں جبکہ بھارت سے بھی بجلی حاصل کرنے کا آپشن موجود ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔