سلائی مشینوں کی کمائی سے جائیدادیں بنائیں علیمہ خان

امریکا میں جائیداد کاروباری مقاصد کے لئے خریدی گئی تھی، ہمشیرہ وزیر اعظم


ویب ڈیسک January 14, 2019
گزشتہ 20 سال سے ٹیکسٹائل کا کامیاب کاروبار کرتی ہوں، علیمہ خان فوٹو: فائل

وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ انہوں نے سلائی مشینوں کی کمائی سے جائیدادیں بنائی ہیں۔

سپریم کورٹ میں صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ میری تمام جائیداد اپنی کمائی کی ہے، مجھے والدین کی جانب سے بھی حصہ ملا، میری سلائی مشینوں کا مذاق اڑایا گیا ہے، پاکستان میں ریونیو مشینوں سے آ رہا ہے، پاکستان میں بہت خواتین سلائی مشین سے روزگار کما رہی ہیں، آپ ریکارڈ چیک کر لیں، تمام چیزیں ریکارڈ پر موجود ہیں، میں 20 سال سے کام کر رہی ہوں، میری ویلتھ اسٹیٹمنٹ چیک کر لیں، میری تمام جائیداد ظاہر کی ہوئی ہیں، امریکا میں جائیداد بھی ظاہر کی ہوئی ہے۔

اس سے قبل بیرون ملک اثاثوں کے حوالے سے علیمہ خان نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ میرے بیرون ملک اثاثوں کے بارے میں جھوٹی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں، مجھ پر الزام لگایا جا رہا ہے کہ یہ اثاثے غیرقانونی اور شوکت خانم کی خیرات کے پیسے سے خریدے، ان تمام خبروں اور الزامات کو مسترد کرتی ہوں۔

علیمہ خان کا کہنا ہے کہ شوکت خانم خیراتی اسپتال میری مرحوم والدہ کی یاد میں بنا ، اسپتال کو ملنے والے چندے کا آڈٹ نامور عالمی فرم سے کرایا جاتا ہے، میں نے اپنی زندگی اس خیراتی کام کیلئے وقف کر دی ہے، میری جائیداد اور میرے خیراتی کام آپس میں کوئی تعلق نہیں، میں نے اثاثے اپنی آمدن اور اپنے شوہر کے اثاثوں سے بنائے ہیں۔ جھوٹی اور بدنام کرنے والی مہم سے مجھے تکلیف پہنچائی جارہی ہے۔

وزیر اعظم کی ہمشیرہ کا کہنا تھا کہ میں گزشتہ 20 سال سے ٹیکسٹائل کا کامیاب کاروبارکرتی ہوں، میرے عالمی سطح پر ٹیکسٹائل کے خریدارہیں، میرے سالانہ ایکسپورٹ آرڈرتقریباً 2 ارب روپے کے ہوتے ہیں، میری ایکسپورٹ یا کاروبار ملکی معیشت میں بھی حصہ ڈالتا ہے، دبئی کی جائیداد کے لئے رقوم جائز بینکنگ ذرائع سے بھیجی گئیں، اس کے لیے دبئی میں بینک سے قرضہ بھی لیا گیا، نیوجرسی کی جائیداد 14 کروڑ 5 لاکھ میں خریدی گئی، یہ جائیداد بھی قانون کے مطابق ٹیکس ادا کر کے ظاہر کی گئی، نیوجرسی کی جائیداد کے لئے جائز بینکنگ ذرائع سے پیسے بھیجے اور بینک سے قرض لیا، یہ مشترکہ جائیداد کاروباری مقاصد کے لئے خریدی گئی تھی، نیوجرسی کی جائیداد قانون کے مطابق ٹیکس ادا کر کے ظاہر کی گئی۔

واضح رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کی دبئی کے بعد امریکا میں بھی جائیداد کا انکشاف ہوا تھا۔ امریکا میں موجود یہ جائیداد علیمہ خان نے 2004 میں خریدی مگر جون 2017 تک پاکستانی ٹیکس حکام کے سامنے ظاہر نہیں کی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔