بلوچستان سے سینیٹ نشست پر بی اے پی کے منظور کاکڑ کامیاب

بلوچستان عوامی پارٹی کے منظور کاکڑ نے 38 اور بی این پی کےغلام نبی مری نے 23 ووٹ حاصل کیے۔


ویب ڈیسک January 14, 2019
سینیٹ نشست سرداراعظم موسیٰ خیل کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔ فوٹو: ایکسپریس

بلوچستان اسمبلی میں سینیٹ کی خالی جنرل نشست پر بلوچستان عوام پارٹی کے منظور احمد کاکڑ کامیاب ہوگئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بلوچستان اسمبلی میں ہونے والے انتخاب میں بلوچستان عوامی پارٹی کے منظور احمد کاکڑ، اپوزیشن جماعتوں کے حمایت یافتہ بی این پی کے غلام نبی مری سمیت 5 امیدوار مدمقابل تھے جب کہ پولنگ کے عمل میں صوبائی اسمبلی کے اراکین نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

سینیٹ الیکشن میں پریذائیڈنگ افسر کے فرائض صوبائی الیکشن کمشنر اسرار خان نے سرانجام دیے۔ پولنگ کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات کی گئی۔

ذرائع کے مطابق بلوچستان عوامی پارٹی کے منظور احمد کاکڑ نے 38 جب کہ بی این پی مینگل کے غلام نبی مری نے 23 ووٹ حاصل کیے۔ پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے محمد حنیف نے ایک ووٹ حاصل کیا جب کہ گنتی کے دوران ایک ووٹ مسترد قرار دیا گیا۔

واضح رہے سینیٹ کی جنرل نشست پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سینیٹر سرداراعظم موسیٰ خیل کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔