رابطہ کمیٹی اور ارکان اسمبلی نے جناح گرائونڈ میں نماز عید ادا کی

رابطہ کمیٹی کے ارکان کی الطاف حسین کے والد، والدہ اور شہدا کی قبروں پر حاضری

ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین الطاف حسین کی والدہ اور والد کی قبر وںپر فاتحہ خوانی کررہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی، حق پرست ارکان اسمبلی اورایم کیوایم کے مختلف ونگز اور شعبہ جات کے اراکین نے عید الفطر کی نماز جناح گرائونڈ عزیزآباد میں اداکی، عید الفطر کی نماز کی ادائیگی کرنے والوں میں ڈاکٹر فاروق ستار، انیس احمد قائم خانی ، قاسم علی رضا، گلفراز خان خٹک،ارکان قومی وصوبائی اسمبلی کے علاوہ علاقے کے معززین نے جامعہ مسجدایک مینارہ کے امام مولانا اظہر عالم صدیقی کی امامت میں ادا کی۔


اس موقع پر اجتماعی دعا کی گئی جس میں ملک باالخصوص کراچی میں قیام امن ، دہشت گردی کے خاتمے ، حق پرستا نہ جدوجہد کی کامیابی ، بیماروں کی شفا یابی اور عوامی مسائل کے حل کے علاوہ قائد تحریک الطاف حسین کی دارزی عمر اور صحت و تندرستی کیلیے بھی خصوصی دعا کی گئی، بعدازاں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین نے جناح گرائونڈعزیز آباداورایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو عزیز آباد پر لوگوں سے عید ملی۔

علاوہ ازیں متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر نصرت،اراکین رابطہ کمیٹی واسع جلیل، شکیل عمراورقاسم علی رضانے پاپوش نگراور عزیز آباد کے شہدا قبرستان جاکر قائد تحریک الطاف حسین کے والدنذیر حسین، والدہ محترمہ خورشید بیگم ،بڑے بھائی ناصر حسین شہید، بھتیجے عارف حسین شہید،سابق چیئرمین عظیم احمدطارق اورشہید انقلاب ڈاکٹر عمران فاروق سمیت تمام حق پرست شہدا کی قبروں پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔
Load Next Story