نادرا نے جانشینی سرٹیفکیٹ جاری کرنے کیلیے تیاری مکمل کرلی

مجوزہ قانون کے مطابق نادرا 15 دن میں متعلقہ شخص کو جانشینی سرٹیفکیٹ جاری کرے گا

مجوزہ قانون کے مطابق نادرا 15 دن میں متعلقہ شخص کو جانشینی سرٹیفکیٹ جاری کرے گا فوٹو:فائل

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے جانشینی سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے لیے تیاری مکمل کرلی۔

اسلام آباد میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کا چیئرمین جاوید عباسی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں عوام کو جانشینی سرٹیفکیٹ کے حصول میں درپیش مشکلات پر بحث کی گئی۔ ڈی جی نادرا نے کہا کہ ہماری جانشینی سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے لیے تیاری مکمل ہے۔

وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا کہ جب بھی جانشینی سرٹیفکیٹ لینا ہو عدالت نادرا سے فیملی ٹری (شجرہ نسب) مانگتی ہے، عدالتوں کے پاس زیادہ کیسز ہونے کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جانشینی سرٹیفکیٹ پر نادرا سے مدد مانگی ہے، اس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ جانشینی سرٹیفکیٹ کے مسئلے پر تعاون کرے گا اور سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے لیے علیحدہ یونٹ قائم کرے گا۔


وزیر قانون نے بتایا کہ مسئلے کے حل کے لیے قانون سازی پر غور کررہے ہیں، مجوزہ قانون میں تجویز ہے کہ نادرا 15 دن میں متعلقہ شخص کو جانشینی سرٹیفکیٹ جاری کرے گا، جس کے لیے صرف ایک بار نادرا کے پاس جانا ہوگا۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ اگر کسی کی ایک سے زائد شادیاں ہوں تو نادرا نے فیملی ٹری میں تمام خاندان کی موجودگی کا سوال اٹھایا ہے۔

نمائندہ اسلام آباد بار کونسل نے جانشینی سرٹیفکیٹ سے متعلق مجوزہ بل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ نادرا جانشینی سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے بدلے بھاری فیس لے گا۔ اس پر چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ عدالتوں میں بھی تو وکلاء کو بھاری فیس دینا پڑتی ہے۔
Load Next Story