سپریم کورٹ کے احکام نظر انداز واٹر بورڈ کے اہم عہدوں پر او پی ایس افسران تعینات

تمام افسران نے اپنے طور پر واٹربورڈ سے ترقی کے حکمنامے حاصل کرلیے، سندھ حکومت نے ترقیوں کی منظوری نہیں دی، ذرائع

افسران کی موجودہ حیثیت سپریم کورٹ کے حکم کے تحت غیرقانونی ہوچکی، نچلے گریڈ کے افسران کی تنزلی شروع کردی گئی۔ فوٹو: فائل

سپریم کورٹ کے حکم پر کراچی واٹراینڈ سیوریج بورڈ میں عملدرآمد نہیں ہوپارہا ہے، سپریم کورٹ کے واضح احکام کے باوجود ادارے میں میں اہم ترین عہدوں پر او پی ایس پر افسران تعینات ہیں۔

باخبر ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ سپریم کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود ادارے کے منیجنگ ڈائریکٹر مصباح الدین فرید، ڈی ایم ڈی پلاننگ مشکور الحسنین، ڈی ایم ڈی ایچ آر ڈی شکیل احمد، ڈائریکٹر آئی ٹی معراج الدین، ڈی ایم ڈی ٹیکنیکل سروسز افتخار احمد خان، چیف انجینئر آئی پی ڈی عبدالرحیم کٹھی، چیف انجینئر ڈبلیو ٹی ایم انور سعید، چیف انجینئر زون ٹو اے غلام قادر عباس، چیف انجینئر عارف زون ٹو بی، اویس ملک چیف انجینئر زون تھری بی، فہیم اختر زیدی چیف انجینئر زون تھری اے، سلیم صدیقی چیف انجینئر پروجیکٹ ، شکیل قریشی پروجیکٹ ڈائریکٹر ٹیکسٹائل سٹی اینڈ واٹر میٹر، وقار ہاشمی ڈی ایم ڈی آر آر جی، عمران زیدی ڈائریکٹر اکاؤنٹس، ڈائریکٹر فنانس محمد ثاقب سمیت متعدد افسران اوپی ایس میں شامل ہیں۔

حیرت انگیز طور پر تمام افسران نے خود ہی واٹربورڈ سے ترقی کے حکمنامے حاصل کرلیے تاہم تاحال ابھی سندھ حکومت نے ان کی ترقیوں کی منظوری نہیں دی جس کے باعث ان کی موجودہ حیثیت سپریم کورٹ کے حکم کے تحت غیرقانونی ہوچکی ہے، اس سے پہلے بھی سپریم کورٹ نے جب تمام صوبائی محکموں سے اوپی ایس میں کام کرنے والے افسران کی فہرست طلب کی تھی تو واٹربورڈ صوبے کا وہ واحد محکمہ تھا جس نے اپنے محکمے کی فہرست فراہم کرنے کی بھی زحمت تک نہیں کی جس سے واٹربورڈ کے افسران کی رعونت اور طاقت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ وہ سپریم کورٹ کو بھی کسی بھی خاطر میں لانے کو تیار نہیں۔




ذرائع نے بتایا کہ ایک طرف توواٹربورڈ کے اعلیٰ افسران سپریم کورٹ کو کسی خاطر میں نہیں لارہے جبکہ دوسری طرف وہ سپریم کورٹ کی آنکھوں میں بھی دھول جھونکنے کی کوشش کررہے ہیں، انھوں نے نچلے گریڈ کے افسران کی تنزلی کردی اور تنزلی کے اس عمل میں بھی میرٹ کو مدنظر رکھنے کے بجائے اور پسند و ناپسند کو مدنظر رکھا گیا ہے، واٹربورڈ کے ایک اعلیٰ آفیسر نے ایکسپریس کو بتایا کہ جس طریقے سے واٹربورڈ کے افسران سپریم کورٹ کے سامنے اپنا سینہ تان کر کھڑے ہوگئے ہیں۔

یہ واٹر بورڈ کی انتظامیہ کی ہمت ہے کہ وہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کرنے کو تیار نہیں، ان کو ایسا نہیں کرنا چاہیے بلکہ ایک ایسے وقت میں جب پورا پاکستان عدالتوں کا احترام کررہا ہے ان کو بھی سپریم کورٹ کے فیصلوں کا احترام کرنا چاہیے، واٹربورڈ کے افسران وملازمین نے نئے صوبائی وزیر بلدیات اویس مظفر سے درخواست کی ہے کہ وہ اس صورتحال کا نوٹس لیں اور واٹربورڈ میں ہونے والی بے قاعدگیوں کی اپنی نگرانی تحقیقات کرائیں تو انتہائی اہم انکشافات ہونگے۔
Load Next Story