وزیراعظم چاہیں تو سندھ حکومت گر جائے گی فواد چوہدری

سندھ میں کچھ کرنا ہوگا تو مراد علی شاہ سے پوچھ کر نہیں کریں گے، وفاقی وزیراطلاعات


ویب ڈیسک January 14, 2019
مراد علی شاہ تو خود ہماری مہربانی سے وزارت اعلیٰ کے منصب پر فائز ہیں، فواد چوہدری، اسکرین گریب

وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اگر نظرثانی کرلیں تو سندھ حکومت گر جائے گی۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام ''کل تک'' میں جاوید چوہدری کے ساتھ بات کرتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ میرے سندھ جانے پر صوبائی حکومت پتہ نہیں کیوں گھبرا رہی ہے، میں تو اپنی وزارت کے فرائض انجام دینے کراچی جاؤں گا اور ویسے بھی سندھ میں کچھ کرنا ہوگا تو مراد علی شاہ سے پوچھ کر نہیں کریں گے، مراد علی شاہ تو خود ہماری مہربانی سے وزارت اعلیٰ کے منصب پر فائز ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ آصف زرداری کو وفاقی حکومت کی نہیں بلکہ سندھ حکومت کی فکر کرنی چاہیے کیوں کہ وہ کسی وقت بھی گرسکتی ہے، اور گرتی ہوئی دیوار کے نیچے کوئی نہیں آتا، سب جان بچا کربھاگتے ہیں، عمران خان چاہیں تو سندھ حکومت گرجائے گی۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ہماری مہربانی ہے کہ (ق) لیگ، (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی میں فارورڈ بلاک نہیں بنایا، لیکن اب سندھ میں ایک گرینڈ الائنس بنے گا جس میں پیپلز پارٹی کا فارورڈ بلاک، ایم کیو ایم پاکستان، پاکستان تحریک انصاف اور سندھ میں پہلے سے موجود گرینڈ الائنس مل جائیں گے تو پیپلزپارٹی اکثریت سے اقلیت میں بدل جائے گی اور سندھ میں ایک نئی حکومت آئے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں