آفریدی نے ون ڈے کرکٹ کی نئی تاریخ رقم کردی

7 ہزار رنز بنانے اور 350 وکٹیں لینے والے دنیا کے پہلے آل راؤنڈر کا ریکارڈ قائم کردیا


Sports Desk July 16, 2013
دوسری بہترین بولنگ کا کارنامہ، سب سے زیادہ مین آف دی میچ کا ملکی ریکارڈ بہتر۔ فوٹو : اے ایف پی

آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے ون ڈے کرکٹ کی نئی تاریخ رقم کردی، وہ 7 ہزار رنز بنانے اور 350 وکٹیں لینے والے دنیا کے پہلے آل راؤنڈر بن گئے۔

بہترین ایک روزہ بولنگ پرفارمنس میں آل ٹائم لسٹ میں دوسرے نمبر پر آگئے، سب سے زیادہ مین آف دی میچ کا قومی ریکارڈ بھی بہتر بنایا۔ تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ون ڈے میں شاندار آل راؤنڈ پرفارم کرنے والے شاہد آفریدی ون ڈے تاریخ کی واحد کرکٹر بن گئے جنھوں نے 7 ہزار رنز اسکور کرنے کے ساتھ 350 وکٹیں بھی لی ہیں، ڈیوائن براوو ان کا 350 واں شکار ثابت ہوئے، وہ سب سے زیادہ ایک روزہ وکٹیں لینے والے بولرز کی فہرست میں آٹھویں نمبر پر ہیں۔

پاکستان میں وسیم اکرم اور وقار یونس کے بعد ان کا تیسرا نمبر ہے۔ ان کے علاوہ سنتھ جے سوریا دوسرے آل راؤنڈر ہیں جنھوں نے 300 پلس وکٹیں اور 7 ہزار سے زائد رنز اسکور کیے ہیں۔ آفریدی نے تیسری مرتبہ ایک میچ میں ففٹی پلس اسکور اور پانچ سے زائد وکٹیں لیں، ان کے سوا کوئی بھی پلیئر یہ کارنامہ ایک سے زائد مرتبہ انجام نہیں دے پایا، آخری مرتبہ بھی شاہد آفریدی نے ہی 2011 میں سری لنکا کے خلاف ایسا کیا تھا، مجموعی طور پر 16 مرتبہ ایک ہی میچ میں کسی پلیئر کی جانب سے پانچ وکٹیں اور ففٹی پلس اسکور بنایا جاچکا۔



شاہد آفریدی نے اس مقابلے میں 12 رنز کے عوض 7 وکٹیں لیں، اس طرح وہ آل ٹائم لسٹ میں دوسرے نمبر پر آگئے، پہلے نمبر چمندا واس ہیں جنھوں نے زمبابوے کے خلاف 2001 میں 19 رنز دے کر 8 وکٹیں لی تھیں، یہ کسی بھی اسپنر کی ایک میچ میں بہترین پرفارمنس ہے۔ ایک یا زائد سیریز میں ڈراپ ہونے کے بعد واپسی پر آفریدی کی ہر مرتبہ پرفارمنس غیرمعمولی رہی، ایسے 8میچز کی 7 اننگز میں ان کی بیٹنگ ایوریج 46.85 ہے جس میں چار نصف سنچریاں شامل ہیں، ان مقابلوں میں ان کی بولنگ بھی شاندار رہی۔

انھوں نے 23 وکٹیں 10.30 کی ایوریج اور 15.3 کے اسٹرائیک ریٹ سے حاصل کیں،دو مرتبہ انھوں نے پانچ یا اس سے زائد وکٹیں لیں اور ان 8 مقابلوں میں وہ چار مرتبہ مین آف دی میچ قرار پائے۔ اتوار کے میچ میں شاہد آفریدی نے مجموعی طور پر کیریئر کا 30 واں ون ڈے مین آف دی میچ ایوارڈ حاصل کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں