بنگلہ دیش لیگ کے دوبارہ انعقاد کی کوششیں شروع

مینجمنٹ کمپنی ’گیم آن‘ نے پھر بورڈ کو 10 کروڑ ٹکا کی بینک گارنٹی تھمادی


مینجمنٹ کمپنی ’گیم آن‘ نے پھر بورڈ کو 10 کروڑ ٹکا کی بینک گارنٹی تھمادی۔ فوٹو: وکی پیڈیا

بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے دوبارہ انعقاد کی کوششیں شروع کر دی گئیں، مینجمنٹ کمپنی 'گیم آن' نے پھر بورڈ کو 10 کروڑ ٹکا کی بینک گارنٹی تھمادی۔

بی سی بی کی جانب سے 28 کروڑ ٹکا کا بل پیش کرنے پر کمپنی اپنے کھاتے کھول کر بیٹھ گئی، الٹا بورڈ پر رقم واجب الادا ہونے کا دعویٰ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ اور ایونٹ مینجمنٹ کمپنی گیم آن کے درمیان مذاکرات کا آغاز ہوگیا ہے۔

شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں ہونے والی میٹنگ میں بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے چیئرمین افضل الرحمان سنہا نے گیم آن کے مینجنگ ڈائریکٹر عنایت الرحمان بپی سے ملاقات کی، اس موقع پر بورڈ نے دعویٰ کیا کہ گیم آن ان کی 28 کروڑ ٹکا کی مقروض ہے جس میں 19 کروڑ بی پی ایل کے میزبانی کی حقوق کی مد میں ادا کرنے ہیں جبکہ 8 کروڑ ٹکا انعامی رقم ہے۔



80 لاکھ ٹکا نئی فرنچائز رنگپور رائیڈرز کے لیے دینے ہیں۔ دوسری جانب گیم آن کے عنایت الرحمان بپی کا کہنا ہے کہ ہم نے ابھی اپنے اکاؤنٹس کو فائنل نہیں کیا، خود بورڈ کو ہمیں فرنچائزز فیس اور ٹکٹوں کی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی میں سے حصہ دینا ہے، ایک بار ہم یہ جائزہ لے لیں کہ بورڈ نے ہماری کتنی رقم دینی ہے تب ہی حتمی طور پر بتا سکتے ہیں کہ دراصل ہمارے ذمہ کتنی رقم نکلتی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ گیم آن نے اس سے قبل بھی 10 کروڑ ٹکا کی بینک گارنٹی دی تھی، مگر بورڈ نے تعلقات کو بہتر بنائے رکھنے کیلیے اسے کیش کرانے کے بجائے کمپنی کی جانب سے بقایاجات ادا کیے جانے کا انتظار کیا مگر اسے رقم بھی نہیں ملی اور بینک گارنٹی کی مدت بھی ختم ہوگئی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔