آسٹریلین اوپن مرے کاکھاتہ پہلے میچ میں شکست سے بند

جان اسنر بھی ناکام، فیڈرر،نڈال،ووزنیاسکی اور ماریا شراپووانے فاتحانہ آغاز کر لیا


AFP January 15, 2019
جان اسنر بھی ناکام، فیڈرر،نڈال،ووزنیاسکی اور ماریا شراپووانے فاتحانہ آغاز کر لیا

اینڈی مرے کا آسٹریلین اوپن میں کھاتہ پہلے میچ میں شکست سے بند ہوگیا۔

آخری مرتبہ میلبورن میں کھیلنے والے برطانوی اسٹار بھرپور مزاحمت کے باوجود روبرٹو بوٹسٹا آگٹ پر قابو نہ پا سکے، جون اسنر، جولیا گورجیس اور جیلینا اوسٹاپینکو بھی ناکامی کا شکار ہوئے، البتہ راجر فیڈرر نے فاتحانہ آغاز کر لیا۔ برطانوی ٹینس اسٹار اینڈی مرے ہپ کا آپریشن کرانے کے باوجود تکلیف سے نجات حاصل نہیں کرسکے،وہ پہلے ہی اعلان کرچکے کہ اس سیزن کے بعد ہمیشہ کیلیے کھیل کو الوداع کہہ دیں گے، اپنے الوداعی آسٹریلین اوپن کے پہلے راؤنڈ میں انھوں نے اسپین کے 22 سیڈ بوٹسٹا آگٹ کا بھرپور مقابلہ کیا مگر 5 سیٹ تک جاری اس مزاحمت کا خاتمہ ان کی شکست پر ہوا۔ فاتح پلیئر کا مقابلہ دوسرے راؤنڈ میں آسٹریلیا کے ان سیڈڈ کھلاڑی جان ملمین سے ہوگا۔ سوئس اسٹار راجرفیڈرر نے ازبکستان کے ڈینس اسٹومین کو زیر کرکے دوسرے راؤنڈ میں قدم رکھے۔

گزشتہ برس کے رنر اپ مارن کلک نے میزبان پلیئر برنارڈ ٹومک کو زیر کیا، دوسرے راؤنڈ میں وہ امریکا کے میکنزی میکڈونلڈ سے مقابلہ کریں گے۔ رافیل نڈال نے آسٹریلیا کے وائلڈ کارڈ انٹری جیمز ڈک ورتھ کو پہلے راؤنڈ میں شکست کا مزہ چکھایا۔ 5 سیڈ کیون اینڈرسن اور اسٹیفانوس ٹسٹسیپاس نے بھی اگلے راؤنڈ میں قدم رکھے،9 سیڈ جون اسنر پہلے ہی مرحلے میں ایونٹ سے باہر ہونے والے پہلے سیڈڈ پلیئر ثابت ہوئے، انھیں ہموطن امریکی پلیئر ریلی اوپیلکا نے مات دی۔ ادھر ویمنز ایونٹ میں کیرولین ووزنیاسکی نے بیلجیئم کی الیسن وان اٹوانک کو مات دے کر دفاعی مہم کا آغاز کیا۔ سیکنڈ سیڈ اینجلک کیربر نے سلوانیہ کی پولونا ہیرکوگ کو زیر کیا۔ ماریا شراپووا نے برطانوی پلیئر کو ہیریٹ ڈارٹ کو قابو کرلیا۔ جرمنی کی 14 سیڈل جولیا گورجیس اور جیلینا اوسٹاپینکو کا قصہ پہلے مرحلے میں تمام ہوگیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔