رمضان کرکٹ بابر اعظم نے زیڈ ٹی بی ایل کو کامیابی دلادی

ناقابل شکست77 رنز، حسین طلعت کے ساتھ سنچری شراکت، فاتح ٹیم نے 2 بالز قبل 156 کا ہدف حاصل کیا


Sports Desk July 16, 2013
سوئی نادرن گیس کمپنی 8 وکٹ سے ناکام۔ فوٹو: اے ایف پی

پی سی بی رمضان ٹی 20 کرکٹ کپ میں زیڈ ٹی بی ایل نے بابر اعظم کی شاندار بیٹنگ کی بدولت سوئی نادرن گیس کمپنی کو 8 وکٹ سے زیر کرلیا۔

18 سالہ بیٹسمین نے54 گیندوں پر ناقابل شکست77 رنز بنائے، ٹیم نے 2 بالز قبل156 رنز کا ہدف حاصل کیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں جاری ایونٹ کے دوسرے گروپ بی میچ میں زرعی بینک کے کپتان عمران نذیر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا،توفیق عمر اور عظیم گھمن نے اننگز کا آغاز کیا، 15 کے مجموعی اسکور پرریحان ریاض نے طاہر محمود کی مدد سے عظیم گھمن (10) کا شکار کرلیا، دوسری وکٹ 42 پر گری جب دوسرے اوپنر توفیق عمر 23 رنز بنا کر ریحان ریاض کا ہی شکار بن گئے، ٹیسٹ کرکٹر اظہر علی 16 کے انفرادی اسکور پر محمد خلیل کے تھرو پررن آؤٹ ہوگئے۔

علی وقاص (41) نے خرم شہزاد (20) اورعمران خالد (26) کے ساتھ مل کر ٹیم کو قابل قدر مجموعہ ترتیب دینے میں مدد فراہم کی،وہ آخری اوور کی چوتھی بال پر رن آؤٹ ہوگئے،اختتامی 2 گیندوں پر رضا علی ڈار اور بلاول بھٹی نے 5 رنز کا اضافہ کرتے ہوئے اسکور کو6وکٹ پر 155 رنز تک پہنچایا، محمد ریحان ریاض نے26 رنز کے عوض 2 بیٹسمینوں کو پویلین بھیجا، محمد خلیل اور طاہر محمود کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔ 156 رنز کا تعاقب کرنے والی ٹیم زرعی ترقیاتی بینک کے اوپنر عمران نذیر پہلی ہی گیند پر جارحانہ اسٹروک کھیلنے کے شوق میں خرم شہزاد کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔



اس موقع پر نوجوان کرکٹر بابر اعظم نے شرجیل خان کو جوائن کیا، دونوں نے اسکور کو 6 اوورز میں 44 رنز تک پہنچا دیا، شرجیل کو بلاول بھٹی نے یارکر پر بولڈ کیا، یوں ان کی 32 رنز کی اننگز کا خاتمہ ہوگیا۔ بابر اعظم کا ساتھ دینے کیلیے حسین طلعت نے میدان کا رخ کیا، 18 سالہ بابر نے ہر گیند پر جارحانہ اسٹروک کھیلنے کے بجائے ناقص بالزکا انتظار کیا اور انھیں باؤنڈری کی سیر کراتے رہے۔

دوسرے اینڈ پر موجود حسین طلعت نے محتاط انداز اپنائے رکھا، بابر نے 54 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے77 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو 2 بالز قبل ہی فتح دلا دی، حسین طلعت نے40 گیندوں پر37 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ دیا، بابر اعظم کو شاندار بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔