فٹبال کلبز نے آئی پی ایل طرز پر لیگ کی مخالفت کردی

پلیئرز کو ریلیز کرنے سے انکار، بھارتی فیڈریشن نے خدشات کو بے بنیاد قرار دے دیا


AFP July 16, 2013
پلیئرز کو ریلیز کرنے سے انکار، بھارتی فیڈریشن نے خدشات کو بے بنیاد قرار دے دیا۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: بھارتی فٹبال کلبز نے آئی پی ایل طرز پر لیگ کی مخالفت کردی، فٹبال فیڈریشن نے کلبز کے خدشات کو بے بنیاد قرار دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کے ممتاز کلبز آئندہ برس کے اوائل میں کرکٹ کی مشہور انڈین پریمیئر لیگ کے طرز پر فرنچائزڈ پر منحصر ٹورنامنٹ سے خوش نہیں ہیں۔ آل انڈیا فٹبال فیڈریشن اور کمرشل پارٹنر آئی ایم جی ریلائنس نے جنوری سے مارچ میں 8 شہروں پر مشتمل ٹورنامنٹ کے انعقاد کا منصوبہ بنایا ہے، اب تک ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والے انٹرنیشنل یا مقامی اسٹارز کے بارے میں نہیں بتایا گیا، البتہ کلبز نے ٹورنامنٹ کیلیے اپنے پلیئرز کو ریلیز کرنے سے انکار کردیا، ان کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ سے ان کے وجود کو خطرہ ہے، ساتھ ہی یہ قومی آئی لیگ ڈومیسٹک مقابلوں کو بھی تباہ کردے گا۔ پروفیشنل فٹبال کلبز ایسوسی ایشن کے سربراہ راج گومز کا کہنا ہے کہ ہم نہیں سمجھتے کہ نئی لیگ بھارتی فٹبال کیلیے فائدہ مند ہوگی۔

سیزن کے درمیان ہم کس طرح پلیئرز کو دوسرے کلب کیلیے کھیلنے کی اجازت دے سکتے ہیں؟ گواکے مشہور کلب چرچل برادرزکی چیف ایگزیکٹیو آفیسر والانکا الیماؤ نے بھی مجوزہ ٹورنامنٹ کی بھر پور مخالفت کردی، ان کا کہنا ہے کہ میری سمجھ میں نہیں آتا کہ اے آئی ایف ایف کیوں نئی لیگ منعقد کرنا چاہتی ہے، یہ نیا ٹورنامنٹ آئی لیگ کی جگہ لے گا،آہستہ آہستہ موجودہ کلبز ختم ہی ہو جائیں گے،الیماؤ نے مزید کہا کہ ہم سب کا مشترکہ ہدف بھارتی فٹبال کی بہتری ہونا چاہیے، چند ریٹائرڈ یا نیم ریٹائرڈ پلیئرز کو ایک منٹ کیلیے سامنے لانے سے کس طرح ٹورنامنٹ سے مدد مل سکتی ہے؟ انھوں نے کہا کہ ایک اور ٹورنامنٹ کو شروع کرنے کے بجائے اگر بھارتی فیڈریشن آئی لیگ کو بہتر بنائے تو اس سے سب کو فائدہ پہنچے گا۔



ادھر اے آئی ایف ایف کے جنرل سیکریٹری کوشل داس نے کلبز کے خدشات کو بے بنیاد قرار دے دیا، انھیں مکمل یقین ہے کہ وہ کلبز کو ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کیلیے راضی کرلیں گے۔ داس نے کہاکہ میں کلبز سے بات چیت کررہا ہوں اور ہم اس معاملے کو جلد ہی حل کرلیں گے، ہم سب فٹبال کی بہتری چاہتے ہیں، یقیناً آئی ایم جی ریلائنس یہاں فٹبال کی بہتری کیلیے موجود ہے، اگر بھارتی فٹبال کو بہتر بنانے کی امید نہ ہوتی تو وہ یہاں نہ ہوتے۔ داس نے مزید کہاکہ آئی لیگ 10 برس سے زائد عرصے سے شائقین اور اسپانسرز کی توجہ حاصل کرنے سے قاصر ہے۔

نئی لیگ سے بھارتی فٹبال کی کمرشل حیثیت میں اضافہ ہوگا، اس وقت بھارت فٹبال کی دنیا میں 146ویں پوزیشن پر ہے،البتہ کرکٹ کی دیوانی قوم میں دنیا بھر سے ٹیلی ویژن پر براہ راست کوریج سے فٹبال کی مقبولیت میں اضافہ ہورہا ہے۔ گذشتہ برس مغربی بنگال ریاست کے فٹبال آفیشلز نے اسی قسم کی فرنچائزڈ پر مبنی لیگ کے منصوبے کا اعلان کیا تھا، اس میں ارجنٹائن کے ہرنان کریسپو اور اٹلی کے فیبیو کناوارو جیسے نیم ریٹائرڈ اسٹارز کو ڈسٹرکٹ لیول پلیئرز کے ساتھ کھیلنا تھا، ریاست میں معقول ڈھانچے کی عدم موجودگی اور اے آئی ایف ایف کی کم توجہ کے سبب ٹورنامنٹ کا انعقاد نہیں ہوسکا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں