بالی ووڈ کی باربی ڈول اور آئٹم سونگز کی ملکہ کہی جانے والی اداکارہ کترینہ کیف آج 30 برس کی ہوگئیں ہیں۔
16 جولائی 1983 کو ہانگ کانگ میں پیدا ہونے والی کترینہ کیف کے والد ''محمد کیف'' کا تعلق مقبوضہ کشمیر جبکہ والدہ ''سوسانا ٹرکیوئٹ'' برطانوی شہری ہیں، کترینہ کے والدین میں اس وقت علیحدگی ہوگئی تھی جب وہ بہت چھوٹی تھیں، جس کے باعث کترینہ کی تربیت ان کی والدہ نے کی ، انہوں نے اپنی زندگی کے ابتدائی 18 برس ہانگ کانگ، فرانس ، پولینڈ اور امریکی ریاست ہوائی میں گزارے، 14 برس ہی کی عمر میں انہوں نے ماڈلنگ کے شعبے میں قدم رکھ دیا تھا۔ 1999 میں فلمی صنعت میں قدم رکھنے کے لئے بھارت آئیں اور اپنا نام '' کترینہ ٹرکیوئٹ'' سے ''کترینہ کیف'' کردیا۔
2003 میں کترینہ کی پہلی فلم ''بوم'' ریلیز ہوئی تاہم یہ فلم کوئی خاص تاثر چھوڑنے میں ناکام رہی جس کے بعد انہوں نے تمل فلم نگری کا رخ کیا، دو فلموں کے بعد انہوں نے ایک بار پھر ہندی فلم میں قسمت آزمانے کی کوشش کی اور 2005 کی سپر ہٹ فلم ''سرکار'' میں ابھیشیک بچن کی دوست کا کردار ادا کیا، اسی برس سلمان خان کے ساتھ ان کی فلم ''میں نے پیار کیوں کیا'' ریلیز ہوئی، جس سے انہوں نے اپنی زندگی کا نیا دور شروع کیا، سلمان خان جیسے گاڈ فادر کے ساتھ دوستی نے بھارتی فلم نگری میں ان کے لئے دروازے کھول دیئے۔ اکشے کمار کے ساتھ ان کی فلم ''نمستے لندن '' سے ملنے والی کامیابی کے بعد انہوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ ان کی کامیاب فلموں میں ''پارٹنر '' ،''ریس ''،''ویلکم ''،'' سنگھ از کنگ''،'' ہیلو ''،'' نیو یارک'' ،''عجب پریم کی غضب کہانی '' ،'' راجنیتی'' ،'' تیس مار خان''، '' زندگی نہ ملے گی دوبارہ''، ''ایک تھا ٹائیگر '' اور '' جب تک ہے جاں '' شامل ہیں۔
اپنی معصوم صورت اور دلفریب مسکراہٹ کے باعث کترینہ کیف دنیا بھر کے کروڑوں دلوں کی دھڑکن بنی ہوئی ہیں ، یہی وجہ ہے کہ 2008 سے 2010 تک بین الاقوامی جریدوں فیشن میگزین اور ایسٹرن آئی کی جانب سے کترینہ کیف کو ایشیا کی پرکشش ترین خاتون قرار دیا گیا۔