حفیظ کیلیے خوشخبری ڈیل اسٹین پہلے 2 ون ڈے میچز سے باہر ہوگئے

ڈیل اسٹین نے تینوں فارمیٹ میں مجموعی طور پر 15 بار محمد حفیظ کو آؤٹ کیا ہے


Sports Reporter January 16, 2019
ڈیل اسٹین کو آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، فوٹو: فائل

محمد حفیظ کیلیے خوشخبری ہے کہ ڈیل اسٹین پہلے دو ون ڈے میچز نہیں کھیلیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقا کے مابین 5ون ڈے کی سیریز کا پہلا میچ ہفتہ کو پورٹ الزبتھ اور دوسرا 22کو ڈربن میں ہوگا، میزبان ٹیم منیجمنٹ نے ڈیل اسٹین کو آرام دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے اسکواڈ میں اولیور کو شامل کیا ہے۔

تجربہ کار پیسر کی عدم موجودگی محمد حفیظ کیلیے بڑی خوشخبری ہے،پاکستانی بیٹسمین کو ڈیل اسٹین نے تینوں فارمیٹ میں مجموعی طور پر 15بار آؤٹ کیا ہے، یہ کسی بھی بولر کی جانب سے ایک ہی کھلاڑی کو اتنی مرتبہ پویلین بھیجنے کا عالمی ریکارڈ ہے۔

دوسرے نمبر پر بھارتی پیسر ظہیر خان نے گریم اسمتھ کو 13بار میدان بدر کیا تھا،محمد حفیظ ٹیسٹ میں 8، ون ڈے میں 5اور ٹی ٹوئنٹی میں 2مرتبہ ڈیل اسٹین کی ستم ظریفی کا شکار ہوئے،اس دوران پیسر کی 226گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے10.53کی اوسط سے 158رنز بنائے،ڈیل اسٹین کی جگہ لینے والے اولیور نے پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں 24وکٹیں حاصل کی تھیں۔

دوسری جانب پروٹیز نے جوہانسبرگ میں سنچری اننگز کیساتھ فتح کی راہ ہموار کرنے والے کوئنٹن ڈی کک کو بھی آرام دیدیا ہے، ان کی جگہ مارکرام کو شامل کیا گیا ہے،انہوں نے 16ون ڈے میں 25.43کی اوسط سے رنز بنائے ہیں،کیپنگ گلوز ہینرچ کلاسن سنبھالیں گے۔

پہلے دو ون ڈے میچز کیلیے کپتان فاف ڈوپلیسی کو ہاشم آملہ، ریزا ہینڈرکس، ہینرچ کلاسن، عمران طاہر، ایڈن مارکرام، ڈیوڈ ملر، اولیور، ڈین پیٹرسن، اینڈل فیلکووائیو، ڈیوین پریٹوریس، کاگیسو راباد، تبریز شمسی اور راسی وین ڈر ڈیوسن کی خدمات میسر ہوں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں