ایشز سیریز ڈیوٹی دینے والے امپائرز کیلیے سخت وارننگ جاری

غلطیاں دہرانے پر آفیشلز کو گھر بھیج دیا جائے گا، انٹرنیشنل پینل سے طلبی کا امکان


Sports Desk July 17, 2013
غلطیاں دہرانے پر آفیشلز کو گھر بھیج دیا جائے گا، انٹرنیشنل پینل سے طلبی کا امکان۔ فوٹو: فائل

ایشز سیریز میں ڈیوٹی دینے والے امپائرز کیلیے سخت وارننگ جاری کردی گئی، غلطیاں دہرانے پر آفیشلز کو گھر بھیج دیا جائے گا۔

انٹرنیشنل پینل سے کسی کو اہم مقابلوں میں طلب کیے جانے کی گنجائش موجود ہے، دوسری جانب ڈی آر ایس کا اختیار پلیئرز سے واپس لینے کا مطالبہ بھی سامنے آگیا۔ تفصیلات کے مطابق ٹرینٹ برج ٹیسٹ میں ناقص امپائرنگ اور ڈی آر ایس کی خامیوں کا معاملہ چھایا رہا، جس کے بعد اہم معرکوں میں ڈیوٹی انجام دینے والے چار امپائرز پر واضح کردیا گیا کہ غلطیاں دہرانے پر انھیں ڈراپ بھی کیا جاسکتا ہے، ان امپائرز میں علیم ڈار، کمار دھرماسینا، ماریس ایراسمس اور ٹونی ہل شامل ہیں، آئی سی سی کے ایلیٹ پینل میں موجود 12 آفیشلز میں صرف یہی چار نیوٹرل امپائرز ہیں، باقی 8 کا تعلق آسٹریلیا اور انگلینڈ سے ہے۔



اس لیے نہ صرف موجودہ بلکہ سال کے آخر میں شیڈول جوابی ایشز سیریز میں بھی یہی آفیشلز ذمہ داری انجام دیں گے۔ آئی سی سی نے حال ہی میں سالانہ اجلاس کے موقع پر نیوزی لینڈ کے بلی باؤڈن اور پاکستان کے اسد رؤف کو ایلیٹ پینل سے ڈراپ کردیا تھا۔ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ کولیئر کا کہنا ہے کہ جب ایلیٹ پینل میں ردوبدل ہوا تو اس وقت یہ معاملہ اٹھایا گیا کہ صرف چار دستیاب نیوٹرل امپائرز پر کام کا بوجھ بڑھ سکتا ہے، اس پر یہ واضح کیا گیا کہ اگر ضرورت پڑی تو بلی باؤڈن یا کسی اور انٹرنیشنل پینل سے امپائر کو ایشز میں ڈیوٹی پر طلب کیا جاسکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔