رمضان کرکٹ پورٹ قاسم نے مسلسل دوسری فتح اپنے نام کرلی

بارش سے متاثرہ مقابلے میں زیڈ ٹی بی ایل6رنز سے زیر، فیصلہ ڈی ایل قانون کے تحت ہوا،اوپنر شاہ زیب حسن نے 48رنز بنائے۔۔۔

ٹی 20 کرکٹ : زرعی ترقیاتی بینک کیخلاف پورٹ قاسم کے اوپنر شاہ زیب حسن کے بولڈ ہونے کا منظر۔ فوٹو: پی سی بی

پورٹ قاسم اتھارٹی نے بارش سے متاثرہ میچ میں زیڈ ٹی بی ایل کو6 رنز سے زیرکر کے پی سی بی رمضان کپ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری فتح اپنے نام کرلی۔

اوپنر شاہ زیب حسن نے ایک مرتبہ پھر عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 48رنز بنائے، مین آف دی میچ اعظم حسین نے 4وکٹیں حاصل کرکے ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری ٹورنامنٹ کے گروپ بی میں گذشتہ شب زیڈ ٹی بی ایل کے کپتان عمران نذیر نے ٹاس جیت کر حریف ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی،اوپنرز شاہ زیب حسن اور خالد لطیف نے ٹیم کو 55 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، چھٹے اوور کی چوتھی گیند پر اسی اسکور پر خالد لطیف(14) کاشف داؤد کی گیند پر ظفر گوہرکو کیچ دے بیٹھے، خرم منظور نے شاہ زیب کا بھر پور ساتھ دیا ، وہ اسکور 86 رنز پر پہنچانے کے بعد طفر گوہر کی گیند پرشکیل انصار کے ہاتھوں اسٹمپڈ ہوگئے،خرم نے ایک چوکے کی مدد سے 16گیندوں پر اتنے ہی رنز جوڑے، 3 رنز کے اضافے سے تیسری وکٹ بھی گر گئی۔

شاہ زیب حسن 42 بالز پر 48 رنز بنانے کے بعد حسین طالب کی گیند پر بولڈ ہوگئے، ان کی اننگز میں 2 چوکے اور اتنے ہی چھکے شامل تھے،ٹیم کو چوتھا نقصان 93 رنز پر اٹھانا پڑا جب کامران یونس 3 رنز بنانے کے بعد حسین طالب ہی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے،دانیال احسن (10) نے ظفر گوندل کی گیند پر بابر اعظم کو کیچ تھمایا، اس وقت پورٹ قاسم اتھارٹی کا اسکور 5 وکٹ پر127 رنز ہو چکا تھا،2 رنز کے اضافے سے چھٹی وکٹ بھی گر گئی، افسر نواز22 گیندوں پر ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 23 رنز بنانے کے بعد حسین طالب کی گیند پر بولڈ ہو گئے، ساتویں وکٹ 141 رنز پر گری جب محمد سلمان کو شکیل انصار نے رن آؤٹ کر دیا،4 گیندوں کا سامنا کرنے والے سلمان7 رنز جوڑ سکے،اعظم حسین ایک اور محمد طلحہ4 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، اس طرح ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں7 وکٹ پر145 رنز بنائے۔




حسین طلعت نے 21 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا،ظفر گوہر کو 2 اورکاشف داؤد کو ایک وکٹ ملی،زیڈ ٹی بی ایل کی اننگز شروع ہونے سے قبل بارش سے کھیل متاثر ہوا،ڈی ایل میتھڈ کے تحت ٹیم کوکامیابی کے لیے14 اوورز میں 112 رنز کا نظرثانی ہدف دیا گیا، پہلے میچ میں سوئی نادرن گیس کو8 وکٹ سے ہرانے والی ٹیم اعظم حسین کی بولنگ کے سامنے بے بس ہوگئی، مجموعہ 8 وکٹ پر 105 رنز سے آگے نہ بڑھ سکا،اسے پہلا نقصان 15رنز کے مجموعی اسکور پرشرجیل خان(2) کے آؤٹ ہونے پر اٹھانا پڑا، یہ وکٹ محمد طلحہٰ کے نام رہی، 29 رنز پر دوسری وکٹ اس وقت گری جب شکیل انصار 13 رنز بنانے کے بعد اعظم حسین کی گیند پر سلمان کو کیچ دے بیٹھے، پہلے میچ میں 54 گیندوں پر77 رنز کی اننگز کھیلنے والے بابر اعظم نے اس مرتبہ بھی جارحانہ انداز اپنایا، مگر13 گیندوں پر 4 چوکوں کی مدد سے22 رنز جوڑنے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

خرم منظور کی گیند پر سلمان نے کیچ لیا،کپتان عمران نذیرکوئی رن بنائے بغیر ڈریسنگ روم پہنچ گئے،اعظم حسین کی گیند پر کیچ خالد لطیف نے تھاما،اس طرح 44 رنز پرچوتھی وکٹ بھی گر گئی،ایک رن کے اضافے سے حسین طلعت (2)کواعظم حسین نے بولڈ کردیا،57 کے مجموعی اسکور پر کاشف داؤد (2) کی وکٹ بھی اعظم کے نام رہی، انھیں اس کیلیے شاہ زیب کا تعاون حاصل رہا،بعد ازاں عاطف اشرف نے ٹیم کو سنبھالا دیا مگر وہ بھی 19 گیندوں پر2 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 28 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد چل دیے، احمد جمال کی گیند پر شاہ زیب نے کیچ لیا،زیڈ ٹی بی ایل کو آخری اوور میں کامیابی کے لیے21 رنز درکار تھے، ظفر گوہر نے کامران یونس کو 2 زبردست چھکے بھی رسید کیے مگر وہ آخری گیند پر خرم منظور کو کیچ دے بیٹھے، ظفر نے21 گیندوں پر29 رنز اسکور کیے،محمد خلیل ایک رن پر ناٹ آؤٹ رہے، اس طرح ناکام ٹیم 14 اوورز میں 8 وکٹ پر 105 رنز بناسکی،پلیئر آف دی میچ اعظم حسین نے17 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں،محمد طلحہٰ، احمد جمال،خرم منظور اور کامران یونس کے ہاتھ ایک، ایک وکٹ لگی،بدھ کو پورٹ قاسم اتھارٹی کی ٹیم اپنا تیسرا میچ کے آر ایل کے خلاف کھیلے گی۔
Load Next Story