تحریک انصاف سازشیں چھوڑ کر اپنے وعدوں پر عمل کرے مرتضٰی وہاب

موجودہ حکومت اداروں کی سربلندی اور خود مختاری کو نقصان پہنچا رہی ہے، مشیر اطلاعات سندھ


ویب ڈیسک January 17, 2019
وفاقی حکومت پاکستان کے مسائل سے آگاہ نہیں ہے، مرتضیٰ وہاب فوٹو: فائل

مشیر اطلاعات سندھ مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف سازشیں کرنا چھوڑے اور الیکشن سے پہلے کیے گئے وعدوں پر عمل کرے۔

سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وفاقی حکومت پاکستان کے مسائل سے آگاہ نہیں ہے اور نہ انہیں زمینی حقائق سے کوئی واقفیت ہے۔ اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق بھی 6 ماہ میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری77 فیصد کم ہوگئی ہے، ہمیں ایسی حکومت کی ضرورت ہے جو سرمایہ لاسکے، موجودہ حکومت کی تو تمام پالیسیاں ناکام ہوچکی ہیں بلکہ یہ کہنا درست ہوگا کہ حکومت نے اب تک کوئی واضح پالیسی نہیں دی اسی لیے سرمائے کا انخلا ہورہا ہے، اسٹاک مارکیٹ سے 2 ارب 75 کروڑ ڈالر نکالے جاچکے ہیں، ادائیگیوں کا توازن بگڑ چکا ہے، بھوک اور افلاس بڑھ چکی ہے۔

مرتضی وہاب نے کہا کہ تحریک انصاف سازشیں کرنا چھوڑے اور الیکشن سے پہلے کیے گئے وعدوں پر عمل کرے، موجودہ حکومت اداروں کی سربلندی اور خود مختاری کو نقصان پہنچا رہی ہے، اب تو نیب بھی اب اس وفاقی وزیر کو جواب دے چکی ہے جو بڑی بڑھکیں ماررہے تھے، آئینی حکومت کے ساتھ سازش کرنے والے مکافات عمل کا شکار ہیں، خود ان کے اتحادی بھی ناراض ہوتے جارہے ہیں، پی ٹی آئی کے کئی ارکان اشارے دے چکے ہیں کہ عمران خان بھی فواد چوہدری کو سنجیدہ نہیں لیتے، سیاست، معیشت اور اداروں کو نقصان پہنچایا جارہا ہے، اس حکومت نے تو کاشتکاروں کو بھی پریشان کررکھا ہے، پی ٹی آئی کے فرشتہ صفت ہونے کے دعوئوں کی قلعی کھل چکی ہے، وفاقی حکومت کسی ادارے کو چلانے کے قابل نہیں ہے۔

مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ نیب تحقیقات کرے ہراساں نہ کرے، پیپلز پارٹی کو کاشتکاروں کو سبسڈی دینے کی سزا دی جارہی ہے، سپریم کورٹ نے نیب کو یہ ہدایت دی ہے کہ اگر کوئی کیس بنتا ہے تو ریفرنس فائل کیا جائے، امید ہے کہ نیب کی تحقیقات غیر جانبدارانہ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے زیرانتظام اسپتالوں کا نظام قابل فخر تھا، قومی امراض قلب میں مفت علاج کی سہولت تھی، این آئی سی وی ڈی کا بجٹ 70 کروڑ سے بڑھا کر 14 ارب کردیا گیا تھا، اب کیا ہوگا کچھ کہہ نہیں سکتے، سندھ حکومت فیصلے کا قانونی حل تلاش کرنے کی کوشش کرے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں