نیب اربوں روپے کے میگا کرپشن کیسز فیصلوں کے منتظر

سی ڈی اے سے متعلق مختلف کرپشن کیسز پر 2014 میں شروع کی گئی انکوائری ابھی تک نامکمل ہے


Numainda Express January 18, 2019
15 کیسز انکوائری کی اسٹیج میں ہیں ، 19پر انویسٹی گیشن جاری ہے، نیب ترجمان فوٹو:فائل

نیب میں میگا کرپشن اسکینڈلز کے ریکارڈ نے کارکردگی کے دعوؤں کی قلعی کھول دی سیاستدانوں، بیوروکریٹس اور دیگر اداروں کے خلاف 40 ارب روپے سے زائد مبینہ کرپشن کے بے شمار کیسز کم و بیش 5 برس سے فیصلوں کے منتظر ہیں۔

اس امر کا انکشاف نیب کے ریکارڈ سے ہوا، ایکسپریس نیوز کو حاصل ہونے والے نیب ریکارڈ کے مطابق 811 ملین ڈالر کی مبینہ کرپشن پر سال 2006 اور 2012 میں دائر درخواستوں پر نیب کی طرف سے تاحال کوئی کارروائی نہیں کی گئی، نیب کے زیر تفتیش میگا کرپشن اسکینڈلز میں 10 سے زائد مقدمات میں رقم کا تخمینہ 36 ارب روپے سے زائد کا لگایا گیا جبکہ ایک درجن کے قریب کیسز میں مبینہ کرپشن کی رقم کا تخمینہ 3ہزار ملین روپے لگایا گیا ہے، نیب ریکارڈ کے مطابق ان پر بھی ابھی تک صرف کاغذ ی کارروائی ہوئی۔

اسی طرح سی ڈی اے سے متعلق مختلف کرپشن کیسز پر 2014 میں شروع کی گئی انکوائری ابھی تک نامکمل ہے، بینک آف پنجاب سے متعلق کرپشن کیس پر 2013 میں دائر درخواست پر کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا، اسلم خان رئیسانی کے خلاف 2012 میں 100 ملین کی مبینہ کرپشن کیس کا تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا، ریکارڈ میں کئی اہم کیس بھی ہیں جن کا ریکارڈ بھی دستیاب ہے مگر پھر بھی کارروائی شروع نہ ہو سکی، جب اس سلسلے میں نیب کے ترجمان سے بات کی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ نیب قانون کے مطابق اپنا کام سر انجام دیتا ہے، تمام کیسز کو حل کرنے کے لیے نیب وہ واحد ادارہ ہے جس نے ٹائم فریم طے کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں