لیاری سے نقل مکانی کرنیوالی خواتین کا سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کے سامنے احتجاج

ایڈیشنل آئی جی سندھ اقبال محمود عدالت سے باہر نکلے تو خواتین نے ان کی گاڑی کا گھیراؤ کرلیا

حکومت اور پولیس کی لاپرواہی اور جرائم پیشہ افراد کی پس پردہ حمایت کی وجہ سے آج ان کے سر سے چھت چھین لی گئی ہے ، مظاہرین ، فوٹو: ایکسپریس نیوز

لیاری سے نقل مکانی کرنے والی خواتین نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کے سامنے احتجاج کے دوران ایڈیشنل آئی جی کا گھیراؤ کرلیا۔


سپریم کورٹ رجسٹری میں کراچی بدامنی کیس کی سماعت کے دوران لیاری سے نقل مکانی کرنے والی کچھی برادری کی خواتین نے احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور احتجاجی بینرز اٹھا رکھے تھے جن میں لیاری گینگ وار کے ملزموں کے خلاف کارروائی اور ان کی دوبارہ اپنے گھروں میں واپسی کے لئے صدر آصف زرداری، وزیر اعظم نواز شریف، چیف جسٹس اور وزیر اعلیٰ سندھ سے مدد کی اپیل کی گئی تھی۔

اسی دوران ایڈیشنل آئی جی سندھ اقبال محمود عدالت سے باہر نکلے تو خواتین نے ان کی گاڑی کا گھیراؤ کرلیا ، ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور پولیس کی لاپرواہی اور جرائم پیشہ افراد کی پس پردہ حمایت کی وجہ سے آج ان کے سر سے چھت چھین لی گئی ہے وہ اپنے گھر بار ہونے کے باوجود غیروں کے محتاج ہوگئے ہیں۔ عدالتی کارروائی ختم ہونے کے بعد خواتین پر امن طریقے سے منتشر ہوگئیں۔
Load Next Story