صدر اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی وزیرخارجہ سے ملاقات

افغان امن عمل میں پاکستان کاکردار اہم ہے، صدر اقوام متحدہ جنرل اسمبلی ماریہ فرنینڈا اسپینوزا

پرامن اورمستحکم افغانستان پورے خطے کے لیے اہم ہے، ماریہ فرنینڈا اسپینوزا- فوٹو: سوشل میڈیا

پاکستان کے دورے پر موجود اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے درمیان ملاقات میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر ماریہ فرنینڈا اسپینوزا نے دفترخارجہ میں ملاقات کی جس میں مسئلہ کشمیر سمیت اہم عالمی اور علاقائی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وزیر خارجہ نے صدر اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا اور ساتھ ہی بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

بعدازاں مشترکہ پریس بریفنگ میں وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ صدر اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق بات چیت ہوئی، مقبوضہ کشمیر کے مسئلے کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، ہم اجتماعی کاوشوں کے فروغ سے ہی عالمی مسائل کا حل ڈھونڈ سکتے ہیں۔


شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے، کشمیریوں نے آزادی کی جدوجہد کیلیے 90 ہزار جانوں کی قربانی دی، ایل او سی پر بھارت کی خلاف ورزیاں تواتر کے ساتھ ہورہی ہیں جب کہ ماحولیاتی بہتری کےلیے پاکستان نےکئی اقدامات کیے ہیں۔

دوسری جانب ماریہ فرنینڈا نے کہا کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے بات چیت مثبت رہی، پاکستان نے افغان مہاجرین کی احسن طریقے سے مہمان نوازی کی اور پرامن اورمستحکم افغانستان پورے خطے کے لیے اہم ہے جب کہ افغان امن عمل میں پاکستان کاکردار اہم ہے، ماحولیاتی بہتری کے لیے پاکستان کا شجرکاری مہم احسن اقدام ہے۔

واضح رہے ماریہ فرنینڈا اسپینوزا 22 جنوری تک دورہ پاکستان میں موجو ہیں جب کہ گزشتہ سال عہدہ سنبھالنے کے بعد ان کا ایشیا کا پہلا دورہ ہے۔

Load Next Story