الطاف حسین اور ایم کیو ایم کے دفاتر پر چھاپے پولیس کا معاملہ ہیں برطانوی وزیر خارجہ ولیم ہیگ

برطانیہ میں پولیس سمیت تمام ادارے آزاد کام کرتے ہیں، فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ پاکستان ہمارا دوست ہے، ولیم ہیگ


ویب ڈیسک July 17, 2013
اقتصادری شعبے میں پاکستان کی مدد جاری رکھیں گے، ولیم ہیگ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

برطانوی وزیر خارجہ ولیم ہیگ نے کہا ہے کہ برطانیہ میں پولیس سمیت تمام ادارے آزاد کام کرتے ہیں اور الطاف حسین اور ایم کیو ایم کے دفاتر پر چھاپے پولیس کا معاملہ ہے۔

اسلام آباد میں قومی سلامتی کے مشیر سرتاج عزیز سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ولیم ہیگ نے کہا کہ برطانیہ بڑے فخر سے کہہ سکتا ہے کہ پاکستان اس کا دوست ہے اور وہ پاکستان کے ساتہ تعلقات کو مزید مستحکم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں اور پاکستانی قوم آج بھی ڈٹ کر دہشت گردی کا مقابلہ کر رہی ہے، پاکستان میں جمہوری انداز میں حکومت کی منتقلی قابل ستائش ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ برطانیہ پاکستان کے اقتصادی مسائل حل کرنے میں مدد جاری رکھے گا۔

اس موقع پر سرتاج عزیز نے ولیم ہیگ سے پاکستان کو یورپی منڈیوں تک رسائی کے حوالے سے کوششوں پر برطانیہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ برطانیہ کی پاکستان میں سرمایہ کاری کا حجم 75 کروڑ ڈالر ہے، حکومت تجارت اور سرمایہ کاری کے لیے ٹھوسس اقدامات کر رہی ہے۔ سرتاج عزیز نے مزید کہنا کہ پاکستان اور برطانیہ افغانستان ميں امن کے لئے پرعزم ہیں اور اس حوالے سے مل کر اپنا کردار جاری رکھیں گے۔

بعد ازاں ایم کیو ایم کے دفاتر پر چھاپوں کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ولیم ہیگ کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ پولیس کا ہے اور وہاں تمام ادارے آزاد کام کرتے ہیں۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان لاکھوں لوگ سفر کرتے ہیں اس لئے امیگریشن کے حوالے سے سخت اقدامات بنانے پڑتے ہیں تاہم امیگریشن کے قواتین تمام پاکستانیوں کے لیے سخت نہیں ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں