اکرام سہگل کے الیکٹرک کے نئے چیئرمین منتخب

پاتھ فائنڈر گروپ پاکستان ،کے سی ایف آر کے چیئرمین اور سی پی این ای کے نائب صدر بھی ہیں


Staff Reporter January 19, 2019
اعتماد ہے اکرام سہگل عہدے پر بہترین انداز سے خدمات سرانجام دیں گے، بورڈ آف ڈائریکٹرز۔ فوٹو: فائل

کے الیکٹرک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے اکرام سہگل کو نیا چیئرمین منتخب کرلیاگیا ہے جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

چالیس سال سے زائد کاروباری تجربہ رکھنے والے اکرام سہگل پاتھ فائنڈر گروپ پاکستان کے چیئر مین ہیں، 50سے زائد ٹاؤنز اور پاکستان کے مختلف شہروں میں موجود کئی ہزار کارکنان اس ادارے سے منسلک ہیں۔افواج پاکستان میں خدمات کی انجام دہی کے دوران اکرام سہگل تاریخ میں پاکستان کے پہلے PW تھے جو بھارتی PWکیمپ سے نکلنے میں کامیاب رہے۔

کمرشل پائلٹ لائسنس کے حامل اکرام سہگل نے 1977میں اپنے کاروبارکی بھی بنیاد رکھی۔وہ کئی کتابوں کے مصنف بھی ہیں جن میں Escape from Oblivion نامی کتاب کو 2012میں اوکسفورڈ یونیورسٹی پریس نے شائع کیا۔ کئی اداروں کے بورڈز کے ساتھ منسلک رہنے والے اکرام سہگل بینک الفلاح میں بھی16سال تک خدمات انجام دے چکے ہیں۔

اکرام سہگل کراچی کونسل آن فارن ریلیشز (کے سی ایف آر) کے چیئرمین اور کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے نائب صدر بھی ہیں۔وہ پچھلے 18سال سے ڈیوس(Davos) میں ہونے والے ڈبلیو ای ایف کے سالانہ اجلاس میں مشہور پاکستان بریک فاسٹ کا انعقاد کرتے ہیں، بورڈ آف ڈائریکٹرزاس بات کے لیے پْر اعتماد ہے کہ اکرام سہگل ماضی کے کامیاب ٹریک ریکارڈ کے ساتھ اپنے تجربے سے استفادہ کرتے ہوئے اس عہدے پر بہترین انداز میں خدمات انجام دیں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل چیئر مین کے الیکٹرک کے عہدے پر طیب ترین فائز تھے جو کہ جمعہ کو مستعفی ہوگئے، بورڈ کی جانب سے کمپنی کی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کرنے پر مستعفی چیئرمین طیب ترین کی قائدانہ صلاحیتوں کو کو سراہا گیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں