فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی ملازمین کی برطرفیوں کا معاملہ متنازع بن گیا

2اور3لاکھ تنخواہ والے ملازمین کی نوکری برقرار، نثارمورائی نے343، سعید خان نے155افراد بھرتی کیے تھے


عبدالرزاق ابڑو January 19, 2019
اعلیٰ تعلیم یافتہ کوچپراسی کی تنخواہ پر تو نہیں رکھا جاسکتا، چیئرمین عبدالبر،اکثریت کا تعلق لیاری سے ہے، متاثرین۔ فوٹو : فائل

ماہی گیروں کی فلاح و بہبود کے لیے قائم فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی سے غیر قانونی قرار دے کر نکالے گئے ملازمین کی برطرفی کا معاملہ متنازع بن گیا ہے۔

سوسائٹی کی انتظامیہ نے ایک طرف انھیں سابق چیئرمینوں کے دور میں غیر قانونی طور پر بھرتی ہونے کی بنا پر برطرف کیا ہے تو دوسری جانب ان ہی چیئرمینوں کے دور میں بھرتی کیے گئے بعض من پسند اور سفارشی ملازمین کو ملازمتوں پر برقرار رکھا گیا ہے، ان کے علاوہ موجودہ چیئرمین کے دور میں بھاری معاوضوں پر بھرتی کیے گئے کو بھی ملازمتوں پر برقرار رکھا گیا ہے، ان میں بعض ملازمین کی تنخواہیں2 لاکھ اور 3 لاکھ سے بھی زائد ہیں۔

فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی ایمپلائزیونین نے کہاہے کہ انتظامیہ نے335 ملازمین کو یونین سے اختلافات کی بنیاد پر انتقام کا نشانہ بناتے ہوئے برطرف کیا ہے، فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نکالے گئے ملازمین کو سوسائٹی کے سابق چیئرمین نثار مورائی اور سعید خان کے دور میں بھرتی کیا گیا تھا اور ان بھرتیوں کو نیب نے غیرقانونی قراردیا تھا۔

واضح رہے کہ نیب نے مذکورہ دونوں چیئرمینوں کے خلاف دائر کردہ احتساب ریفرنسز میں الزام عائد کیا تھا کہ نثار مورائی کے دور میں غیرقانونی طور پر343 ملازمین کو بھرتی کیا گیا جبکہ سعید خان کے دور میں155 افراد کو غیرقانونی طور پر فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی میں بھرتی کیا گیا یعنی مجموعی طور پر مذکورہ دونوں چیئرمینوں کے دور میں498 ملازمین بھرتی کیے گئے لیکن موجودہ انتظامیہ نے ان کے دور میں بھرتی کردہ335 ملازمین کو برطرف کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ دونوں چیئرمینوں کے دور میں بھرتی ہونے والے جن ملازمین کو برطرف نہیں کیا گیا وہ سفارش رکھنے والے لوگ ہیں، ان کے علاوہ موجودہ چیئرمین کے دور میں بھرتی کیے گئے ان لوگوں کی ملازمتوں کو بھی برقرار رکھا گیا ہے جنھیں خلاف ضابطہ بھرتی کیا گیا، ان میں بعض ایسے ملازمین بھی شامل ہیں جن کی تنخواہ لاکھوں میں ہیں۔

ایکسپریس کے پاس دستیاب آفیشل ریکارڈ کے مطابق ان میں کچھ ملازمین کی تنخواہ2 اور 3لاکھ سے بھی زیادہ ہے، اس سلسلے میں فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کے موجودہ چیئرمین عبدالبر نے مذکورہ ملازمین کی بھاری تنخواہوں پر بھرتی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ لوگوں کو چپراسی کی تنخواہ پر تو نہیں رکھا جاسکتا۔

ایکسپریس کی جانب سے رابطہ کرنے پر انھوں نے بتایا کہ انھوں نے اپنے دور میں بھرتی کیے گئے 45 لوگوں کو بھی ملازمتوں سے برطرف کیا ہے، تاہم انھوں نے اس کی وجہ نہیں بتائی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں