ٹی وی اسٹار گلاب چانڈیو رخصت ہوگئے

وہ سیاست میں بھی سرگرم رہے، عوامی حلقوں میں ان کا بے حد احترام کیا جاتا تھا، وضعدار اور دوست نواز تھے۔


Editorial January 20, 2019
وہ سیاست میں بھی سرگرم رہے، عوامی حلقوں میں ان کا بے حد احترام کیا جاتا تھا، وضعدار اور دوست نواز تھے۔ فوٹو: فائل

صدارتی ایوارڈ یافتہ اداکار گلاب چانڈیو 61 برس کی عمر میں چل بسے ۔ انھیں مین اسٹریم ڈرامہ سیریلیز میں صوبہ سندھ اور پاکستان کے ایک رجحان ساز اداکار و صداکار کے طور پر جانا جاتا تھا۔ ان کے منفی رولز ٹی وی ناظرین کو ہمیشہ یاد رہیں گے۔ مرحوم ذیابیطس اور بلڈ پریشر کے دیرینہ مریض تھے، انھیں نواب شاہ میں سپرد خاک کیا گیا ۔

گلاب چانڈیو6 جنوری 1958کو گاؤں شھمیر چانڈیو تحصیل نوابشاہ میں پیدا ہوئے۔1980 سے اداکاری کے میدان میں قدم رکھا اور نام کمایا۔ ان کے مشہور ڈراموں میں چاند گرہن، جنگل، زینت، ٹیپو سلطان، ساگر کے آنسو، نوری جام تماچی، بے وفائیاں، ماروی، سانس، سانس لے اے زندگی، ساگر کا موتی اوردیگرشامل ہیں۔ انھوں نے لیاری کے ایک مشہور باکسر پر بنائی جانے والی ٹیلی فلم میں بھی اہم کردار ادا کیا۔

حکومت نے انھیں 14 اگست 2015 کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا تھا۔ ڈراموں میں منفی کردار ادا کرنے والے گلاب چانڈیو حقیقی زندگی میں نرم مزاج اور سادہ طبیعت تھے۔ کردار کی سائیکی کا گہرا لحاظ رکھنے والے اداکاروں مین شمار ہوتے تھے۔ وہ سیاست میں بھی سرگرم رہے، عوامی حلقوں میں ان کا بے حد احترام کیا جاتا تھا، وضعدار اور دوست نواز تھے۔اداکاری کو رد عمل اور انسانی جذبات کے اظہار کا نازک ترین فن کہتے تھے۔

غیر ملکی فلموں میں اداکاری کے ہنر کا سنجیدہ مشاہدہ کرتے تھے ۔ حال ہی میں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی۔ وہ ٹی وی کے ممتاز اداکار شفیع محمد، منصور بلوچ، نور محمد لاشاری، صلاح الدین تنیو کے مداح تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ان کے انتقال پر اظہاردکھ کرتے ہوئے دعائے مغفرت جب کہ سندھ فنکار ویلفیئر ٹرسٹ نے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں