سانحہ ساہیوال دہشتگردی پورا ملک دہل گیا تحقیقات کرائی جائے اپوزیشن

پنجاب میں امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر سخت تشویش ہے، پولیس نظام کو بہتر بنانے پر توجہ دی جائے، شہباز شریف


News Agencies/Numainda Express January 20, 2019
پنجاب میں امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر سخت تشویش ہے، پولیس نظام کو بہتر بنانے پر توجہ دی جائے، شہباز شریف۔ فوٹو: فائل

اپوزیشن رہنماؤں نے کہا ہے کہ ساہیوال میں نہتے خاندان کا پولیس کے ہاتھوں قتل بد ترین دہشتگردی ہے، واقعہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرائی جائیں۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے ساہیوال میں فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب حکومت واقعے کی اعلی سطح تحقیقات کرائے تاکہ اصل محرکات کا پتہ چل سکے، پنجاب میں امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر سخت تشویش ہے، پولیس نظام کو بہتر بنانے پر توجہ دی جائے۔

شہبازشریف نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ آصف کرمانی نے کہا کہ ساہیوال واقعہ اندوھناک اور بربریت کی بدترین مثال ہے، حکومت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہو چکی ہے۔

پیپلز پارٹی کے ترجمان مولابخش چانڈیو نے کہا کہ بیوی اور بچوں کے ساتھ سفر کرنے والے شخص کو دہشتگرد قرار دے کر مار دینا کہاں کا قانون ہے ، اگر کار میں کوئی مطلوب سوار تھے تب بھی بچوں اور عورتوں کا تو خیال رکھا جاتا ، سی ٹی ڈی ، پولیس اور انتظامیہ کے بیانات میں تضادات نے پولیس گردی کاپول کھول دیا ہے، کہاں ہیں ریاست مدینہ بنانے کے دعویدار ، کہاں گیا ان کا انصاف اور قانون؟ نہتے قتل کئے جانے والے افراد کے خون کے چھینٹے حکمرانوں کے دامن پر لگے ہیں۔

پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ سانحہ ساہیوال میں ملوث افسر اور اہلکار کسی ہمدردی کے مستحق نہیں ہیں ، ہم متاثرہ خاندان کے شانہ بشانہ ہیں جبکہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ساہیوال واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہذب اور جمہوری معاشرے میں اس طرح لوگوں کو قتل کرنے کی کوئی گنجائش نہیں، اگر کوئی مجرم بھی ہے تو اسے عدالت میں پیش کرنا چاہیے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں