سندھ حکومت نے پری پیڈ موبائل فون بند کرنیکی حمایت کردی

کراچی میں موبائل فون بند کرنے کے بہتر نتائج سامنے آئے،قائم علی شاہ،صحافیوں سے گفتگو

عملدرآمد کیلیے فوری اقدامات کیے جائیں،رحمن ملک کی تجویز کا خیرمقدم،کراچی میں موبائل فون بند کرنے کے بہتر نتائج سامنے آئے،قائم علی شاہ،صحافیوں سے گفتگو۔ فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے وفاقی وزیرداخلہ رحمن ملک کی جانب سے موبائل فون کی پری پیڈ سروس کو بند کرنے اور صرف پوسٹ پیڈ سروس کوجاری رکھنے کی تجویز کا بھرپورخیرمقدم کیا ہے اور اس کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس ضمن میں وزارت داخلہ کو اہم اجلاس طلب کرکے اس تجویز پر عملدرآمد کے لیے فوری اقدامات کرنے چاہئیں ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عید کے موقع پر کراچی میں موبائل فون سروس بند کرنے کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں اور حکومت سندھ کے موثر اقدامات اور عوام کے تعاون سے عید کے موقع پر دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنادیا ہے۔

قائم علی شاہ نے مزید کہا کہ حالیہ واقعات کی روشنی میں موبائل فون سروس پر کڑی نظر رکھنا اشد ضروری ہوگیا ہے جس کے لیے مجوزہ اقدامات سے موبائل سموں کے غلط استعمال کو روکا جاسکے گا اور دوسری جانب حکومت کو موبائل فون استعمال کرنے والے اصل صارف کے مکمل کوائف حاصل ہوجائیں گے، موبائل فون کا غلط استعمال کرنے والوں پر کڑی نظر رکھی جاسکے گی اور اس کے نتیجے میں دہشت گردی اور جرائم کو روکنے میں کافی مدد ملے گی ۔

دریں اثناء وزیراعلیٰ نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں مصروف دن گزارا اور مختلف مکاتب فکر کے افراد ، سیاسی شخصیات ، سفارتی عملے اور سرکاری افسران سے ملاقات کی اور ان سے عید الفطر کی مبارک باد وصول کی۔


دریں اثناء گزشتہ روز غلام محمد مہر میڈیکل کالج (جی ایم ایم سی) ٹیچنگ اسپتال خیرپور کی نئی بلڈنگ میں تین بلاکس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائم علی شاہ نے کہا کہ موجودہ حکومت صدر زرداری کی سیاسی بصیرت کے نتیجے میں وفاق اور صوبے میںکامیابی سے حکومت کر رہی ہے جبکہ اقتدار کے پانچ برس مکمل کرے گی اور آئندہ عام انتخابات میں بھی پی پی عوام کی بھرپور طاقت سے اقتدار میں آئے گی۔

خیرپور میں تعمیر کیا جانے والا جدید اسپتال کا بجٹ 60کروڑسے بڑھا کر 114 کروڑ روپے کر دیا گیا ہے جس کے تین بلاکس تیار ہو چکے ہیں جبکہ بقیہ پانچ بلاکس کا ترقیاتی کام جلد مکمل کر لیا جائے گا،انھوں نے کہا کہ نواز شریف اور مشرف دور میں نکالے گئے ایک لاکھ 50ہزار ملازمین کو ہماری حکومت نے بحال کیا جبکہ مزید ایک لاکھ نوجوان کو نوکریاں دی گئیں، کچھ سازشی عناصر کالا باغ ڈیم کے مرے ہوئے گھوڑے میں جان ڈالنے کے لیے کالا باغ ڈیم کا شوشہ چھوڑ رہے ہیں لیکن موجودہ حکومت نے کالا باغ ڈیم کے منصوبے کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے دفن کردیا ہے۔

علاوہ ازیں خیرپور کے علاقے ممتاز کالونی میں ایس او ایس چلڈرنز ولیج کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائم علی شاہ نے کہا کہ موجودہ حکومت بے سہارا خواتین، یتیم بچوں کی تربیت و دیکھ بھال کے لیے بھرپورکوششیںکر رہی ہے، اس سلسلے میںعالمی تنظیم ایس او ایس چلڈرنز ولیجز کے تعاون سے صوبے میں یتیم بچوں کی پرورش، رہائش، تعلیم اورگھریلو ماحول کی فراہمی کے لیے ایس او ایس ویلیجز قائم کیے جا رہے ہیں۔

اس سلسلے میں تنظیم کی جانب سے کراچی اور جامشورو میں ویلیجز قائم کیے گئے ہیں جبکہ خیرپورمیں حکومت سندھ کی جانب سے 7 ایکڑ زمین اور 50 ملین روپے کی گرانٹ دی گئی ہے۔وزیراعلیٰ نے خاکی شاہ پل کے نزدیک نارتھ سندھ اربن سروسز کارپوریشن(نساسک) کے 18 کروڑ 48 لاکھ روپے کی لاگت سے ''ری ہیبلی ٹیشن آف واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ (2.50 ایم جی ڈی) خاکی شاہ خیرپور اسکیم ''کا سنگ بنیاد رکھا۔ مزید براں وزیراعلی سندھ نے نساسک کی جانب سے سانوڑو جمالی گوٹھ کے قریب 194 ملین روپے کی لاگت سے تیار ہونے والے ''خیرپور سیوریج امپرومنٹ پروجیکٹ'' کا بھی افتتاح کیا۔

Recommended Stories

Load Next Story