رمضان کرکٹ اوپنرز نے کے آر ایل کو نیشنل بینک پر فتح دلادی

نصف سنچریاں بنانے والے محمد یاسین اور ذین عباس نے2 اوورز قبل 133 رنز اسکورکرلیے۔


Sports Reporter July 18, 2013
ٹیسٹ اسٹار کامران اکمل کی اننگز 3 تک محدود رہی۔ فوٹو: فائل

پی سی بی رمضان کپ ٹی ٹوئنٹی نائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ میں اوپنرز کے عمدہ کھیل نے کے آر ایل کونیشنل بینک کے خلاف10 وکٹ سے فتح دلا دی۔

نصف سنچریاں بنانے والے محمد یاسین اور ذین عباس نے2اوورز قبل 133 رنز اسکور کرلیے۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ شب نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں گروپ بی میچ کا ٹاس این بی پی کے کپتان کامران اکمل نے جیتا، انھوں نے پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا، کامران7 کے مجموعی اسکور پر 3 رنز بنانے کے بعد ذوالفقار کو کیچ دے بیٹھے، اگلی ہی گیند پر عثمان خان نے عمیر خان کو بولڈ کرکے بینک کو مشکلات کا شکار کر دیا، عقیل انجم نے سمیع اسلم کے ساتھ مل کر ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور 69 رنز تک پہنچا دیا، سمیع28 رنز بنانے کے بعد نعمان علی کی گیند پر علی خان کے ہاتھوں جکڑے گئے۔



انھوں نے 32 گیندوں کا سامنا کیا اور 2 چوکے لگائے،ٹیم کو چوتھا نقصان 72 کے اسکور پر اٹھانا پڑا جب عقیل انجم 3 چوکوں کی مدد سے 31 رنز بنانے کے بعد رخصت ہو گئے، ذین عباس نے اپنی ہی گیند پرکیچ لیا،نیئر عباس نے بھی اس ہی انداز سے عمر وحید(3) کو واپسی کا پروانہ تھمایا،پانچویں وکٹ 80 رنز پر گری، فواد عالم تیز کھیلنے کی کوشش میں17 رنز بنانے کے بعد نیئر عباس کو ریٹرن کیچ تھما کر چلتے بنے، اس وقت بینک کا اسکور6 وکٹ پر 109رنز ہو چکا تھا، حماد اعظم آخری اوورمیں راحت علی کی گیند پربولڈ ہوئے، انھوں نے28 گیندوں پر 33 رنز بنائے جس میں 5 چوکے شامل تھے۔

عثمان قادر 2اوررضا حسن ایک رن پر ناٹ آؤٹ رہے،عثمان خان اور راحت علی نے بالترتیب 23 اور 27 رنز دے کر 2،2وکٹیں حاصل کیں، ذین عباس،نعمان علی اور نیئر عباس نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔ جواب میں کے آر ایل کو ہدف حاصل کرنے میں کوئی دقت نہیں ہوئی،ناقابل شکست رہنے والے اوپنرز نے وکٹ کے چاروںجانب اسٹروکس کھیلتے ہوئے 18 اوورز ہی میں مطلوبہ اسکور حاصل کر لیا، ذین عباس نے 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 58 گیندوں پر68 رنز کی اننگز کھیلی، پلیئر آف دی میچ محمد یاسین نے50 گیندوں پر 61 رنز بنائے، اس میں 2 چھکے اور8 چوکے شامل تھے، فاتح ٹیم کو 2پوائنٹس ملے، دوسرا میچ ہارنے والی این بی پی کی سائیڈ ایونٹ میں اپنی بقا کے لیے جمعرات کو سوئی نادرن گیس کے خلاف میدان میں اترے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔