کراچی میں پولیس اہل کاروں کی فائرنگ سے میاں بیوی زخمی
ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی نمبر 4 میں شوہر اور اہلیہ فائرنگ سے زخمی ہو گئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے میاں بیوی پولیس اہل کاروں کی فائرنگ سے زخمی ہوئے، زخمیوں کی شناخت 40 سالہ عدنان ولد عارفین اور 30 سالہ ثاقبہ بی بی زوجہ عدنان کے ناموں سے ہوئی ہے۔
جناح اسپتال کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے عدنان کو گولی سر سے چھو کر گزری جب کہ زخمی خاتون ثاقبہ کو کندھے پر گولی لگی ہے۔
آئی جی سندھ نے پولیس فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی کورنگی سے رپورٹ طلب کرلی جس کے بعد ایس ایس پی کورنگی جائے وقوع پر پہنچ گئے۔
پولیس کا اپنے موقف میں کہنا ہے کہ پولیس اہلکار موٹر سائیکل پر 2 ملزموں کا تعاقب کر رہے تھے، ملزموں کی جانب سے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی جس سے میاں بیوی زخمی ہوئے۔
ایس ایس پی کورنگی علی رضا نے کہا ہے کہ ملزمان نے ایک اہلکار کی سرکاری گن چھینی اور فرار ہونے لگے اس دوران دوسرے اہلکار نے مزاحمت کی اور دو طرفہ فائرنگ ہوئی، ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے کہ میاں بیوی ملزمان یا پولیس کس کی گولی سے زخمی ہوئے، جائے وقوع سے ایک خول ملا ہے جس کی چھان بین کی جارہی ہے، پولیس اہل کاروں کو صبح گن کر گولیاں دی جاتی ہیں، خاتون کو بڑے ہتھیار کی گولی لگی یا چھوٹے ہتھیار کی؟ تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
ایس ایس پی نے مزید کہا کہ ملزمان مقابلے کے بعد سرکاری اسلحہ پھینک کر فرار ہوئے جو برآمد کرلی گئی، غفلت برتنے والے دونوں اہلکاروں کو حراست میں لے کر بیان ریکارڈ کیا جارہا ہے۔
عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ دونوں میاں بیوی پولیس کی فائرنگ سے زخمی ہوئے، پولیس اہلکار کسی کا تعاقب کررہے تھے اس دوران انہوں ںے فائرنگ کردی اور یہ دونوں زخمی ہوگئے۔
زخمی خاتون کے بھائی شفقت زرین نے کہا کہ بہن اور بہنوئی پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے زخمی ہوئے، جیسے ہی گھر سے باہر نکلے فائرنگ کی آواز آئی، ایک گولی مجھے بازو کے قریب سے چھوتے ہوئے نکلی، گولیاں جس جانب سے آئیں پولیس اہلکار بھی اسی جانب سے آئے، پولیس اہلکار بھاگ کر ہم تک پہنچے اور ادھر ادھر دیکھتے رہے، گلی میں ایسا کوئی نظر نہیں آیا جس کا پولیس اہلکار تعاقب کررہے ہوں۔
اسپتال ذرائع کے مطابق شوہر کی حالت خطرے سے باہر ہے جب کہ خاتون کی حالت تشویش ناک ہے، خاتون کے کندھے میں لگی گولی نکال لی گئی ہے ان کا بلڈ پریشر انتہائی کم ہوگیا جب کہ خاتون حاملہ بھی ہیں۔
یہ پڑھیں: ساہیوال، سی ٹی ڈی کی فائرنگ سے ماں، باپ اور بیٹی سمیت 4 جاں بحق، اہلکار گرفتار
واضح رہے کہ ایک روز قبل ہی ساہیوال میں پنجاب پولیس کے کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ کی فائرنگ سے ماں، باپ اور بیٹی سمیت 4 افراد جاں بحق اور 3 بچے زخمی ہوئے تھے۔