ناظم آباد میں پانی کی قلت کے خلاف احتجاج واٹر بورڈ کے خلاف نعرے بازی

واٹر بورڈ کے کرپٹ اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے جو پیسے لے کر غیر قانونی کنکشن فراہم کررہے ہیں، مظاہرین


January 21, 2019
بلاک فائیو ای میں پانی دیا جائے، واٹر بورڈ کے کرپٹ اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے، مظاہرین (فوٹو :فائل)

شہر میں پانی کی قلت بدترین شکل اختیار کرگئی، ناظم آباد بلاک 5 ای کے رہائشیوں کا صبر کا پیمانہ لبریز ہوا تو پانی کی عدم فراہمی پر رہائشیوں نے خلافت چوک پر احتجاج کیا۔

ایکسپریس کے مطابق کراچی میں پانی کا بحران دن بدن سنگین شکل اختیار کرتا جارہا ہے، ناظم آباد بلاک 5 ای کے مکینوں نے پانی کے غیرقانونی کنکشنوں اور عدم فراہمی پر پرامن احتجاج کیا۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے احتجاج میں بچے بھی شامل تھے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ غیر قانونی کنکشن کی وجہ سے ہمارے علاقے میں پانی نہیں آرہا ہے، کئی سال ہوگئے ہم پانی کو ترس گئے ہیں، ٹینکر کے عوض ہزاروں روپے دینا ہمارے بس سے باہر ہے، اگر غلطی سے کبھی پانی آبھی جاتا ہے تو انتہائی گدلا ہوتا ہے جو ناقابل استعمال ہوتا ہے۔

احتجاج کرنے والوں میں بچے اور بزرگ بھی سڑک پر نکل آئے اور 'پانی دو پانی دو 'کے نعرے لگائے، مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ پانی کی چوری اور غیر منصفانہ تقسیم کو روکا جائے، واٹر بورڈ کے کرپٹ اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے جو پیسے لے کر غیر قانونی کنکشن فراہم کررہے ہیں اور بلاک فائیو ای کا پانی بند ہونے کے ذمہ دار ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں