رن ویز کے اطراف ڈرون اور لیزر لائٹس کے استعمال کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

لیزرلائٹ طیاروں پر مارنے کے متعدد واقعات رونما ہوچکے،2روز قبل کراچی میں طیارے کے سامنے ڈرون آنے کا واقعہ پیش آیا تھا


Staff Reporter January 21, 2019
مسافروں اور طیاروں کی سیفٹی سی اے اے کی اولین ترجیح ہے جس کیلیے مربوط اقدامات کیے جا رہے ہیں، ترجمان سول ایوی ایشن۔ فوٹو: فائل

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف کو محفوظ بنانے کیلیے اقدامات شروع کر دیے۔

ذرائع کے مطابق شادی بیاہ اور دیگر تقریبات میں استعمال ہونے والے ڈرونز اور طاقتور لیزر لائٹ کے استعمال کو روکنے کیلیے سول ایوی ایشن ہیڈ کوراٹر میں اہم اجلاس منعقد ہوا،جس میں ایئر پورٹس رن ویز ایریاز کے اطراف ڈرون کیمروں اور لیزر لائٹس کے استعمال کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا، اس ضمن میں سول ایوی ایشن کے شعبہ ایئر سائڈ اور فلائٹ سیفٹی نے تجاویز مرتب کر لیں۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی لوکل گورنمنٹ کے ساتھ مل کر کارروائی کرے گی،لیزر لائٹ طیاروں پر مارنے کے پے درپے واقعات رونما ہو چکے ہیں جس کی شکایات اعلیٰ حکام کو بھی ارسال کی گئی، 2 روز قبل کراچی میں پی آئی اے کے اے ٹی آر طیارے پر سپر ہائی وے کے قریب ایک ڈرون سامنے آنے کا واقعہ بھی رونما ہو چکا ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کی سیکیوریٹی اینڈ ویجیلنس کو رن ویز ایریاز کے ساتھ پیٹرولنگ کرنے کی بھی تجویز پیش کی گئی، ایئر پورٹس کے رن ویز ایریاز کے ساتھ سی اے اے سیکیورٹی کی پیٹرولنگ پر علاقہ پولیس کو بھی رابطے میں رکھا جائے گا۔

ترجمان سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ مسافروں اور طیاروں کی سیفٹی سی اے اے کی اولین ترجیح ہے جس کے لیے مربوط اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں