بارش سے شہر کا نظام درہم برہم سڑکیں زیر آب

شہر کی کئی سڑکوں پر پانی جمع ہے جب کہ شہر کے بڑے حصے میں بجلی بھی غائب


Staff Reporter/ January 21, 2019
حالیہ بارش سے حب ڈیم میں قابل استعمال پانی کی سطح میں بھی اضافہ ہوا ہے فوٹو: آن لائن

کراچی میں موسم سرما کی30 ملی میٹر بارش نے شہر کا نظام درہم بر ہم کردیا۔

شہر کی شاہراہیں اور سڑکیں تالا ب بن گئیں، سڑکوں اور گلیوں سے برساتی پانی کی نکاسی نہ ہونے سے شہری پریشان ہوگئے ، بلدیہ عظمیٰ ، ضلعی بلدیاتی اداروں، واٹر بورڈ، سولڈ ویسٹ بورڈ کے افسران اور عملہ سڑکوں سے غائب رہا، تفصیلات کے مطابق کراچی کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے 48 گھنٹے قبل پیش گوئی کی تھی کہ کر اچی میں ہلکی اور تیز بارش ہوسکتی ہے، بلدیاتی اداروں کی جانب سے کسی قسم کے پیشگی انتظامات نہ کیے جانے سے سڑکوں پر پانی کھڑا ہوگیا۔

اتوار کی شام سے بارش وقفے وقفے سے جاری رہی جس کی وجہ سے مختلف شاہراہوں اور سڑکوں پر برساتی پانی جمع ہوگیا، شاہر اہ فیصل کے مختلف مقامات جن میں ناتھاخان ، کارساز ، ایف ٹی سی ، سمیت کئی مقامات پر پانی جمع ہوگیا، نیشنل اسٹیڈیم ، حسن اسکوا ئر، لیاقت آباد، دس نمبر ، ڈاک خانہ ، لیاری ایکسپریس وے، نا گن چورنگی، دو منٹ چورنگی، اولڈ سٹی ایریا، صدر، ایم جنا ح روڈ، کو رنگی ایکسپریس وے،کو رنگی کراسنگ ، گلشن اقبال کی سڑکوں پر برساتی پانی کھڑا رہا، ڈرگ روڈ، لیاقت آباد، ناظم آباد، کلفٹن ، غریب آباد انڈرپاسز میں برساتی پانی جمع ہوگیا۔

شہر کے مضافاتی اور نشیبی علاقوں میں بارش کے بعد صورتحال زیادہ خراب رہی، بلدیہ عظمی کراچی،بلد یہ عالیہ جنوبی، شرقی، وسطی، غربی، وسطی، کورنگی، ملیر،سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور ادارہ فراہمی و نکاسی آب کراچی کے افسران کی جانب سے برساتی پانی کی نکا سی کے لیے کوئی عملی اقدامات نہیں کیے گئے، نئی تعمیر ہونے والی شاہراہیں اور سڑکیں بھی برساتی پانی کی وجہ سے دھنس گئیں سڑکوں پر گڑھے پڑنے سے گا ڑیاں پھنس گئیں۔

لیاقت آباد دس نمبر اور کورنگی میں سڑکیں دھنسنے سے کئی گا ڑیاں پھنس گئی بارش کے بعد سڑکوں پر ٹریفک جام ہوگیا، اتوار کی شام سے شروع ہونے والی بارش کے بعد شاہراہوں اور سڑکوں پر موجود پانی کی وجہ سے سیکڑوں گا ڑیاں خراب ہوگئیں جنھیں شہریوں نے دھکے لگاکر اسٹارٹ کیا، صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی نے نمائشی دورہ ضرور کیا لیکن عملی اقدامات نظر نہیں آئے، ایم کیو ایم پاکستان اور تحریک انصاف کے رہنما بھی کراچی میں ہنگامی صورتحال کے دوران غائب رہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہے گا۔ حالیہ بارش جہاں فصلوں کے لیے مفید ہے وہیں حب ڈیم میں قابل استعمال پانی کی سطح میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |