KARACHI:
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس کو نتیجہ خیز بانے کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔
تحریک انصاف کے پارٹی سیکریٹریٹ سے جاری عمران خان کے بیان میں کہا گیا ہے کہ دو ماہ قبل مسلم لیگ(ن) کےرہنماؤں نے ان سے اے پی سی میں شرکت کے لئے رابطہ کیا تھا جبکہ اس سے پہلے بھی اے این پی اور جے یو آئی (ف) آل پارٹیز کانفرنس بلائی تھی جس پر طالبان نے تحفظات کااظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو بھی اے پی سی میں شامل کیا جائے، ان کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کے رازوں کے تحفظ کے لئے اے پی سی میں زیادہ کھل کر بات نہیں ہوسکتی۔
عمران خان نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکی اتحاد کا ازسرنو جائزہ لینا ضروری ہے لیکن حکومت امریکی اتحاد کے حوالے سے عوام کو اعتماد میں نہیں لے رہی ہے، اے پی سی کو نتیجہ خیز بنانے کے لئے تمام اسیٹک ہولڈرز کو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔
واضح رہے کہ دہشت گردی کے خلاف قومی پالیسی بنانے کے لئے آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد 12 جولائی کوہونا تھا تاہم تمام جماعتوں کی جانب سے شرکت کو یقینی بنانے کے لئے اسے کچھ دن کے لئے منسوخ کر دیا گیا۔