آئی سی سی ایوارڈز کا میلہ ویرات کوہلی نے لوٹ لیا

بھارتی کپتان ایک ساتھ تینوں اعزازپانے والے پہلے پلیئربن گئے۔


Sports Reporter January 23, 2019
ایک روزہ میچزکی الیون میں کسی پاکستانی کو جگہ نہ ملی،پانٹ ایمرجنگ پلیئر،دھرماسینا بہترین امپائرکا ایوارڈ لے اڑے۔ فوٹو: سوشل میڈیا

آئی سی سی ایوارڈز کا میلہ ویرات کوہلی نے لوٹ لیا، انہوں نے کرکٹرآف دی ایئر، ٹیسٹ اور ون ڈے کے بہترین کھلاڑی بھی قرار پائے۔

آئی سی سی نے ٹیسٹ، ون ڈے ٹیم آف دی ایئر اور دیگر ایوارڈز کا اعلان کردیا ہے، ووٹنگ اکیڈمی سابق کرکٹرز، میڈیا اور نشریاتی اداروں کے نمائندوں پر مشتمل تھی۔ طویل فارمیٹ کی ٹیم کے کپتان بھارتی اسٹار ویرات کوہلی منتخب ہوگئے۔

بھارتی ریشابھ پانٹ اور جسپریت بمرا، نیوزی لینڈ کے ٹام لیتھم، کین ولیمسن اور ہینری نکولس، سری لنکن ڈیموتھ کرونارتنے، ویسٹ انڈین جیسن ہولڈر، جنوبی افریقی کاگیسو ربادا اور آسٹریلوی ناتھن لیون کو بھی اس علامتی ٹیم میں جگہ ملی ہے۔ ون ڈے ٹیم آف دی ایئر کی قیادت بھی ویرات کوہلی کے سپرد کی گئی، اس میں کوئی بھی پاکستانی جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔

بھارتی روہت شرما، کلدیپ یادیو، جسپریت بمرا بھی الیون کا حصہ ہیں، انگلش جونی بیئراسٹو، جوئے روٹ، جوز بٹلر، بین اسٹوکس، نیوزی لینڈ کے روس ٹیلر، بنگلہ دیشی مستفیض الرحمٰن اور افغانی راشد خان کو بھی ٹیم میں جگہ ملی ہے۔

خیال رہے کہ ویرات کوہلی نے 2017 کی عمدہ فارم کا سلسلہ گزشتہ سال بھی جاری رکھا، ان کی زیرقیادت بھارتی ٹیم نے ٹیسٹ میں عالمی نمبر ون اور ون ڈے میں دوسرے نمبر کے ساتھ 2018 کااختتام کیا۔

کپتان نے گزشتہ سال 13ٹیسٹ میچز میں 5 سنچریوں اور 5 ففٹیز کی مدد سے 55.08کی اوسط سے ایک ہزار322 رنز اسکور کیے، ایشیا کپ میں شرکت نہ کرنے کے باوجود ویرات کوہلی نے ون ڈے کرکٹ کے 14 میچز میں 133.55 کی اوسط سے 6 سنچریوں کی بدولت ایک ہزار 202رنز بنائے، کوہلی نے دونوں فارمیٹ میں ٹاپ رینک بیٹسمین کا اعزاز برقرار رکھا۔

بہترین کارکردگی کی بدولت ویرات کوہلی سال کے بہترین کرکٹر کے ایوارڈ ''سر گارفیلڈ سوبرز ٹرافی'' کا حقدار ٹھہرایا گیا،وہ ٹیسٹ اور ون ڈے کے بیسٹ کھلاڑی بھی قرار پائے۔

واضح رہے کہ ویرات کوہلی ایک سال میں آئی سی سی کے تینوں بڑے ایوارڈز پر قبضہ جمانے والے پہلے کرکٹر ہیں،سال اور ٹیسٹ کے بہترین کرکٹرز میں کاگیسو ربادا اور ون ڈے میں راشد خان دوسرے نمبر پر رہے۔

بھارتی وکٹ کیپر بیٹسمین ریشابھ پانٹ ایمرجنگ پلیئر آف دی ایئر قرار پائے، انھوں نے گزشتہ سال ایک سنچری اور 2ففٹیز سمیت 537رنز بنائے، اسی کے ساتھ40کیچز تھامے اور 2اسٹمپنگ بھی کیں۔

ایسوسی ایٹس ٹیموں میں بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ اسکاٹ لینڈ کے کیلم میکلائیڈ کے نام رہا جنھوں نے انگلینڈ اور افغانستان کیخلاف ون ڈے میچز میں اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

علاوہ ازیں ووٹنگ اکیڈمی نے سال کے بہترین امپائر کیلیے سری لنکن کمار دھرماسینا کا انتخاب کیا، وہ مسلسل دوسری بار ڈیوڈ شیفرڈ ٹرافی کے حقدار بنے۔

بھارتی ٹیم کی انڈر 19ورلڈ کپ میں فتح پرستاروں کا پسندیدہ لمحہ

بھارتی ٹیم کی انڈر 19ورلڈ کپ میں فتح پرستاروں کا سب سے پسندیدہ لمحہ قرار پائی،بلو شرٹس نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر ٹائٹل پر قبضہ جمایا تھا،اس کو 48فیصد ووٹ ملے، آئی سی سی ورلڈکپ کوالیفائرز میں افغانستان کا حیران کن کم بیک 36فیصد ووٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔

آئی سی سی اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ کین ولیمسن کے نام رہا

آئی سی سی اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ کیوی کپتان کین ولیمسن کے نام رہا، ان کو یہ اعزاز دینے کا فیصلہ میچ آفیشلز اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر نے کیا،محنتی مگر دھیمے مزاج کے سابق کرکٹر نے اس بات پر زور دیا ہے کہ ہر کھلاڑی کو کھیل کی ساکھ بحال رکھنے کیلیے مثالی کردار ادا کرنا چاہیے۔

ایرون فنچ کے ورلڈ ریکارڈ 172رنز ٹی ٹوئنٹی کی بہترین اننگز قرار

زمبابوین سہ ملکی سیریز میں میزبان ملک کیخلاف آسٹریلوی ایرون فنچ کے ورلڈ ریکارڈ 172رنز ٹی ٹوئنٹی کی بہترین اننگز قرار پائے، انھوں نے اس دوران صرف 76 گیندوں کا استعمال کرتے ہوئے 16 چوکے اور 10چھکے لگائے تھے،فنچ نے اپنا ہی ریکارڈ توڑا تھا، اس سے قبل انھوں نے انگلینڈ کیخلاف 156کی اننگز کھیلی اور 2013/14میں بھی اسی ایوارڈ کے حقدار بنے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں