ایڈوانس انکم ٹیکس معاملے کی روک تھام کی جائے سائٹ ایسوسی ایشن

اس سے ٹیکس کی وصولی کے اہداف حاصل کرنے میں مدد نہیں ملے گی، سعود محمود

نان فائلرز کے لیے ودہولڈنگ اسکیم وہی رہنی چاہیے، ٹیکسیشن کمیٹی کے چیئرمین کی گفتگو۔ فوٹو: سوشل میڈیا

صنعتی شعبے نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ ہر قابل فہم مرحلے پر ایڈوانس انکم ٹیکسز کے پیچیدہ معاملے کی روک تھام کرے جس میں صارفین کو فروخت، درآمدات، یوٹیلیٹی بلوں کی ادائیگی،نقد رقوم نکلوانا، کاروں کی خریداری وغیرہ شامل ہے۔

سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کی سب کمیٹی برائے ٹیکسیشن کے چیئرمین سعود محمود نے کہا کہ ودہولڈنگ ٹیکس کو ریونیو کے طورپرتصور کرنا غلط طریقہ ہے۔اگرچہ فائلرز کے لیے ودہولڈنگ ٹیکس ایڈجسٹ ایبل اور قابل واپسی ہوتا ہے مگر یہ عمل انتہائی سست روی کا شکار رہتا ہے کیونکہ ٹیکس افسران ریفنڈ کی ادائیگی کی منظوری سے اپنے ریونیو وصولی کے اعداد و شمار کو کم نہیں کرنا چاہتے۔


چیئرمین سعود محمود نے کہا کہ اگر ایڈوانس انکم ٹیکس کو لائبیلٹی کے طور پر تصور کیاجاتا ہے تو انھیں ڈھیر سارا ایڈوانس انکم ٹیکس عائد کرنے کا کوئی فائدہ نہیں کیونکہ ایڈوانس انکم ٹیکس کی وصولی سے کسی صورت بھی اہداف کو حاصل کرنے میں مدد نہیں ملے گی۔

واضح رہے کہ ایڈوانس انکم ٹیکس کی سیکشن 147کے تحت سہ ماہی بنیادوں پر ادائیگی کی موجودگی میں فائلرز پر ودہولڈنگ ٹیکس کا نفاذ فضول ہے۔
Load Next Story